اسلام آباد(سب نیوز) خسارے میں چلنے والی قومی ایئر لائن پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز کارپوریشن لمیٹڈ (پی آئی اے سی ایل)کی نجکاری کے لیے نیلامی حتمی مرحلے میں داخل ہوگئی، عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی لگادی، لکی سیمنٹ نے 101 ارب50 کروڑ روپے جبکہ ایئر بلیو نے 26 ارب 50 کروڑ روپے کی بولی لگائی۔
آج منگل کی صبح جمع کرائی گئی سربمہر بولیاں پہلے سے اہل قرار دیے گئے بولی دہندگان لکی سیمنٹ، نجی ایئر لائن ایئر بلیو اور سرمایہ کاری کمپنی عارف حبیب کی جانب سے موصول ہوئیں۔بولی دینے والے گروپس کے نمائندے ایک ایک کر کے اسلام آباد میں ہونے والی عوامی تقریب میں آئے اور شفاف باکس میں اپنی سربمہر پیشکشیں جمع کرائیں، اس دوران لفافے ڈالنے میں مختصر سی الجھن بھی دیکھنے میں آئی۔ اس تقریب کو سرکاری ٹی وی پر براہِ راست نشر کیا گیا۔بولیاں موصول ہونے کے بعد اب پی آئی اے سی ایل کی بولی کے لیے ریفرنس پرائس کی منظوری نجکاری کمیشن بورڈ اور کابینہ کمیٹی برائے نجکاری دے گی۔
مشیر نجکاری محمدعلی نے بڈنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ائیر لائن کی فروخت کے لیے بڈنگ کا پہلا مرحلہ مکمل ہو چکا، اب ہم پی سی بورڈ کے پاس جائیں گے، پی سی بورڈ قومی ایئرلائن ریزرو پرائس کو دیکھے گا، ریزرو پرائس کا کسی کو بھی نہیں پتہ، ریزرو پرائس بورڈ سے منظوری کے بعد کابینہ کمیٹی کیپاس جائے گی۔مشیر نجکاری کا کہنا تھا کابینہ کمیٹی ریزرو پرائس کے حوالے سے حتمی منظوری دے گی، بہت بڑا مرحلہ ہے، 20 سال سے کوئی بڑی نجکاری نہیں ہوئی۔
پی آئی اے کی نیلامی حتمی مرحلے میں داخل، عارف حبیب کنسورشیم نے 115 ارب روپے کی سب سے بڑی بولی لگادی
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
