Tuesday, December 23, 2025
ہومکھیلآئی ایل ٹی 20،شارجہ واریئرز کی آخری گیند پر یادگار فتح، پلے آف کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن

آئی ایل ٹی 20،شارجہ واریئرز کی آخری گیند پر یادگار فتح، پلے آف کی دوڑ میں مضبوط پوزیشن

ابوظہبی :ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی 20 سیزن 4 میں شارجہ واریئرز نے کم اسکور کے انتہائی سنسنی خیز مقابلے میں ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کو چار وکٹوں سے شکست دے کر پلے آف کی دوڑ میں خود کو مضبوط پوزیشن میں برقرار رکھا۔ زاید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں شارجہ واریئرز نے 135 رنز کا ہدف آخری گیند پر حاصل کیا۔ابو ظہبی نائٹ رائیڈرز کی اننگز کا آغاز نہایت مایوس کن رہا، جب تسکین احمد اور وسیم اکرم کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے ٹاپ آرڈر ریت کی دیوار ثابت ہوا۔

فل سالٹ، برینڈن مک ملن، الیکس ہیلز اور لیام لیونگ اسٹون صرف 10 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔ وسیم اکرم نے چوتھے اوور میں لیگ کی تاریخ کا یادگار کارنامہ انجام دیتے ہوئے میڈن اوور میں وکٹ حاصل کی، جو کسی یو اے ای کھلاڑی کی جانب سے پہلا وکٹ میڈن ہے۔شیر فین ردرفورڈ نے 44 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ انمکت چند نے 24 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ دیا، تاہم پوری ٹیم 20 اوورز میں 134 رنز بنا سکی۔ شارجہ کی جانب سے عادل رشید نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ہدف کے تعاقب میں شارجہ واریئرز کو بھی مشکلات کا سامنا رہا اور ابتدائی وکٹیں جلد گر گئیں۔ ٹام کوہلر-کیڈمور نے 30 رنز بنا کر اننگز کو سہارا دیا۔

بعد ازاں جیمز ریو اور سکندر رضا کے درمیان 57 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی جس نے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا۔آخری اوور میں 12 رنز درکار تھے، تاہم جیمز ریو نے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے ناقابلِ شکست 42 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور عادل رشید کے ساتھ مل کر شارجہ واریئرز کو یادگار فتح دلائی۔ اس کامیابی کے بعد شارجہ واریئرز کے پوائنٹس چھ ہو گئے ہیں اور ٹورنامنٹ میں پلے آف کی دوڑ مزید دلچسپ ہو گئی ہے۔میچ کے بہترین کھلاڑی عادل رشید قرار پائے، جنہوں نے باؤلنگ میں فیصلہ کن کردار ادا کیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔