بیجنگ : چینی صدر شی جن پھنگ نے جوز انتونیو کاسٹ کو چلی کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد کا پیغام بھیجا ہے۔ پیر کے روز شی جن پھنگ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ چلی جنوبی امریکہ کا پہلا ملک ہے جس نے عوامی جمہوریہ چین کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کیے تھے۔ دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کا احترام کرتے ہیں اور دونوں ممالک مساوات اور باہمی فائدہ پر مبنی تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں،
اس کے علاوہ دونوں ممالک کلیدی معاملات اور تحفظات پر ایک دوسرے کو سمجھتے ہیں اور حمایت کرتے ہیں ۔پیغام میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے عملی تعاون کے نتیجے میں مختلف شعبوں میں شاندار تنائج برآمد ہوئے ہیں ، جس سے دونوں ممالک کے عوام کو حقیقی فائدہ پہنچا ہے۔ چین-چلی تعلقات طویل مدتی طور پر چین-لاطینی امریکہ تعلقات میں نمایاں مقام رکھتے ہیں، اور دونوں ممالک اتفاق رائے سے دوطرفہ تعلقات کو فروغ دیتے ہیں۔ صدر شی نے کہا کہ وہ چین-چلی تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور صدر کاسٹ کے ساتھ مل کر روایتی دوستی کو جاری رکھنے، چین-چلی جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے اور دونوں ممالک کے عوام کے بہتر مفاد کے لیے کام کرنے کے خواہاں ہیں۔
