دبئی :ڈی پی ورلڈ آئی ایل ٹی20 سیزن 4 میں ڈیزرٹ وائپرز نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شارجہ واریئرز کو چار وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں وائپرز کی یہ ساتویں کامیابی ثابت ہوئی، جس کے بعد ٹیم آٹھ میچوں میں 14 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل کے ٹاپ ٹو میں پہنچ گئی ہے۔
میچ میں شارجہ واریئرز کی ٹیم ڈیوڈ پینے کی تباہ کن بولنگ کے سامنے بے بس نظر آئی اور پوری ٹیم 17.5 اوورز میں صرف 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ٹام ایبل 35 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، جبکہ ڈیوڈ پینے نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نسیـم شاہ اور نور احمد نے بھی دو، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
جواب میں ڈیزرٹ وائپرز نے ہدف کا تعاقب محتاط انداز میں کیا۔ ابتدائی وکٹیں گرنے کے باوجود سیم کرن نے 37 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالا۔ ٹام بروس نے آخر میں تیز رفتار رنز بنا کر وائپرز کو 13.5 اوورز میں فتح دلا دی۔میچ کے اختتام پر ڈیوڈ پینے کو شاندار بولنگ پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ اس فتح کے ساتھ ہی ڈیزرٹ وائپرز نے پلے آف مرحلے کے لیے مضبوط دعویٰ پیش کر دیا، جبکہ شارجہ واریئرز پوائنٹس ٹیبل میں آخری پوزیشن پر موجود ہے۔
