اسلام آباد(سب نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر سالم محمد سالم البواب الزعابی نے ملاقات کی اورمختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا ۔ جمعہ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے نئے تعینات ہونے والے سفیر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لئے نیک تمناوں کا اظہار کیا اور ان کے پیش رو کی خدمات کو سراہا ۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان کو معاشی اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے شعبوں میں مسلسل تعاون پر پاکستان کی جانب سے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان شیخ محمد بن زید النہیان کو باہمی طور پر طے پانے والی موزوں تاریخوں پر سرکاری دورے کی میزبانی کے لئے تیار ہے۔
اس موقع پر پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقاتِ کا جائزہ لیا گیا اور سیاسی، معاشی، دفاعی اور عوامی سطح پر روابط سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کو ان کے خاندان کے لئے امارات کے قیام کے آغاز ہی سے ایک خصوصی مقام حاصل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تعلق نسل در نسل قائم ہے جو شہید ذوالفقار علی بھٹو سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو تک پھیلا ہوا ہے اور آج بھی جاری ہے، متحدہ عرب امارات ان کی صاحبزادی کا مسکن بھی ہے اور یہ ذاتی وابستگی پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات میں موجود اعتماد اور محبت کی گہرائی کی عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات مشرقِ وسطی میں پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مالی تعاون مضبوط بنیادوں پر قائم ہے تاہم سرمایہ کاری، توانائی، ڈیجیٹل معیشت اور انفراسٹرکچر کی ترقی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی مزید گنجائش موجود ہے۔انہوں نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی برادری کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاکستانی کمیونٹی متحدہ عرب امارات کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس موقع پر سینیٹ میں پاکستان پیپلز پارٹی کی پارلیمانی لیڈر سینیٹر شیری رحمان او رسینیٹر سلیم مانڈوی والا بھی موجود تھے۔
صدر آصف زرداری سے یو اے ای کے سفیر کی ملاقات ، مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو وسعت دینے پر تبادلہ خیال
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
