اسلام آباد (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے۔
وزیراعظم سے پاکستان میں نے نئے تعینات ہونے والے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر ٹم کین نے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے نئے تعینات ہونے والے ہائی کمشنر کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور دوستانہ تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔وزیراعظم نے سڈنی میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے معصوم جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی کی بلاشبہ مذمت کرتا ہے اور دکھ کی اس گھڑی میں آسٹریلیا کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا اور اس کی ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے، جبکہ اس لعنت کے خاتمے کے لیے اجتماعی کارروائی ناگزیر ہے۔ وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کو وسعت دینے، زراعت اور لائیو اسٹاک میں تعاون بڑھانے اور کان کنی و معدنیات کے شعبے میں آسٹریلوی دلچسپی کا خیرمقدم کیا۔اس موقع پر ہائی کمشنر ٹم کین نے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش ظاہر کی۔
دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیں ہوتا،ہر شکل اور صورت میں مذمت ہونی چاہیے، وزیراعظم
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
