اسلام آباد(سب نیوز)جڑواں شہروں کے درمیان ٹریفک کا مسئلہ حل کرنے کے لیے ٹی چوک پر تعمیر ہونے والا اقبال فلائی اوور 77دن کی ریکارڈ مدت اور ایک ارب 40کروڑ روپے کی لاگت میں مکمل کر لیا گیا۔
اقبال فلائی اوور ٹی چوک راولپنڈی اور اسلام آباد کے درمیان مرکزی جنکشن ہے۔ اسی مقام سے جی ٹی روڈ این فائیو،آزاد جموں و کشمیر اور راولپنڈی سے آنے والی تمام ٹریفک اسلام آباد میں داخل ہوتی ہے۔ماضی میں یہ چوراہا بغیر سگنلز کے تھا، جس کے باعث یہاں شدید ٹریفک جام، طویل قطاریں اور شہریوں کو سخت مشکلات کا سامنا رہتا تھا، یہ فلائی اوور راولپنڈی اور راوت سے لاہور جانے اور آنے والی ٹریفک کو بلا رکاوٹ اسلام آباد منتقل کرنے میں مدد دے رہا ہے۔
منصوبے کی تکمیل کے بعد روزانہ تقریبا ایک لاکھ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا رہی ہے،جبکہ سفر کا دورانیہ کم اور ٹریفک سیفٹی بہتر ہو گئی ہے۔ماحولیاتی بہتری کے لیے منصوبے کے تحت ہارٹیکلچر کا کام بھی مکمل کیا گیا ہے اور علاقے میں تین ہزار نئے درخت لگائے گئے ہیں۔ منصوبے کی مجموعی لمبائی 1034 میٹر ہے، جبکہ اپروچ روڈز کی لمبائی 300 میٹرہے،یوں کل لمبائی 1334 میٹر بنتی ہے۔مرکزی فلائی اوور اسٹرکچر 493میٹر طویل ہے، اور اس کی کیریج وے چوڑائی 11.10میٹر رکھی گئی ہے، تاکہ ٹریفک کی روانی محفوظ اور موثر رہے۔فلائی اوور میں17اسپینز، 68گرڈرز اور 76پائلز استعمال کیے گئے ہیں۔
ٹی چوک ،اقبال فلائی اوور 77دن کی ریکارڈ مدت اور ایک ارب 40کروڑ روپے کی لاگت میں مکمل کیا گیا
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
