Sunday, December 21, 2025
ہومپاکستانپی ٹی آئی نے جسٹس جہانگیری کی عہدے پر بحالی کا مطالبہ کر دیا

پی ٹی آئی نے جسٹس جہانگیری کی عہدے پر بحالی کا مطالبہ کر دیا

اسلام آباد(سب نیوز)کستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نے جعلی ڈگری کیس میں جج کے عہدے کیلئے نااہل قرار پانے والے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی بحالی کا مطالبہ کر دیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں لکھا کہ جسٹس طارق محمود جہانگیری کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم نامہ تشویشناک اقدام ہے، ججوں کو عہدے سے ہٹانے کا یہ فیصلہ عدالتی آزادی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکم نامے پر شدید تحفظات اور عدلیہ کی خودمختاری مزید کمزور ہونے کا خدشہ ہے، آئینی حلف بے معنی ہو جاتا ہے اگر جج اپنے ہی ادارے میں اپنا دفاع نہ کر سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ججوں کو ماضی میں بھی غیر رسمی انداز میں عہدوں سے ہٹایا گیا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، مطالبہ ہے کہ جسٹس جہانگیری کو بحال اور یہ سلسلہ ہمیشہ کیلئے ختم کیا جائے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی ڈگری کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں جج کے عہدے کیلئے نااہل قرار دیا۔کیس کی سماعت جسٹس سرفراز ڈوگر اور جسٹس محمد اعظم خان پر مشتمل دو رکنی ڈویژن بینچ نے کی۔عدالت نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کی جانب سے کیس کی سماعت کرنے والے بینچ پر اعتراض، فل کورٹ تشکیل دینے اور سندھ ہائیکورٹ کے فیصلے تک سماعت ملتوی کرنے کی درخواستیں مسترد کیں۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے وزارت قانون کو جسٹس جہانگیری کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں فوری طور پر عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔