جدہ( خالد نواز چیمہ)امیر جمعیت الحدیث پاکستان سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے کہا ہے کہ ملکی ترقی کے لیے بدلہ لینے کی سیاست کا خاتمہ ناگزیر ہے۔ پاکستان اس وقت درست سمت میں گامزن ہے، معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے، سرحدیں محفوظ اور پاک فوج نے دشمن کو بھرپور جواب دے کر دنیا میں پاکستان کا وقار بلند کیا ہے۔
وہ جدہ میں جمعیت الحدیث جدہ کی جانب سے دیے گئے عشائیے سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی جیسے واقعات، ملک اور عسکری قیادت کے خلاف بیانیہ ناقابلِ برداشت ہے۔ جو عناصر سیاست دانوں کو نظرانداز کر کے عسکری قیادت سے بات کرنے کی بات کرتے ہیں وہ جمہوری سیاست نہیں کر رہے۔
سینیٹر ڈاکٹر حافظ عبدالکریم نے واضح کیا کہ ایسے عناصر سے مذاکرات نہیں بلکہ انصاف کے مطابق سخت سزا ضروری ہے تاکہ ملک آگے بڑھ سکے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت اہلحدیث نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہے اور سودی نظام کے خلاف عملی جدوجہد جاری رکھے گی۔
تقریب میں ممتاز اسلامی اسکالر ڈاکٹر سہیب احمد میر محمدی، مولانا عبدالقیوم سلفی، مختار احمد عثمانی اور مولانا عمر فاروق نے بھی خطاب کیا، جبکہ نظامت فیصل علوی نے کی۔
