Monday, December 22, 2025
ہومبریکنگ نیوزسڈنی حملے میں ملوث دہشت گرد کو بھارتی سفارتخانے نے پاسپورٹ جاری کیا، تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

سڈنی حملے میں ملوث دہشت گرد کو بھارتی سفارتخانے نے پاسپورٹ جاری کیا، تفصیلات منظر عام پر آ گئیں

سڈنی حملے میں ملوث بھارتی نژاد دہشت گرد ساجد اکرم اور اس کے بیٹے کے بھارتی پاسپورٹس منظرِ عام پر آ گئے ہیں، جن سے حملہ آوروں کی بھارتی شہریت کی تصدیق ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق بھارتی دہشت گرد ساجد اکرم کا پاسپورٹ بھارتی ایمبیسی نے 24 فروری 2022 کو 10 سال کی مدت کے لیے جاری کیا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ بھارتی سفارتی حکام کو پہلے دن سے ہی حملہ آور کی بھارتی شہریت کا علم تھا۔ اس کے باوجود بھارتی حکام نے جان بوجھ کر حقیقت چھپائے رکھی اور اپنے میڈیا کو پاکستان پر الزام تراشی کے لیے وقت فراہم کیا۔
سڈنی حملے کے فوراً بعد بھارتی میڈیا کی جانب سے گمراہ کن پروپیگنڈا شروع کیا گیا اور حملہ آور کو پاکستانی ظاہر کرنے کی منظم کوشش کی گئی، مبصرین کے مطابق یہ مذموم مہم پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے کے لیے چلائی گئی۔
غیر ملکی جریدے دی گارڈین کے مطابق آسٹریلیا نے 2020 میں بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ کے دو اہلکاروں کو ملک بدر کر دیا تھا، یہ کارروائی ایک ایسے نیٹ ورک کے خلاف کی گئی جسے آسٹریلوی خفیہ اداروں نے ”جاسوسوں کا گٹھ جوڑ“ قرار دیا تھا، رپورٹ کے مطابق ملک بدر کیے گئے بھارتی ایجنٹس آسٹریلیا میں مقیم بھارتی افراد کی پروفائلنگ میں بھی ملوث تھے۔
ماہرین کے مطابق سڈنی حملے میں ملوث دونوں دہشت گردوں کے بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ سے روابط ہونے کے شواہد سامنے آ رہے ہیں، جن کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل دہشت گرد ساجد اکرم نے بھارتی پاسپورٹ پر فلپائن کا بھی سفر کیا تھا، جو اس کے بین الاقوامی روابط اور نقل و حرکت کی مزید تصدیق کرتا ہے۔
حالیہ انکشافات کے بعد سڈنی حملے سے متعلق پاکستان پر عائد کیے گئے الزامات بے بنیاد ثابت ہو گئے ہیں جبکہ بھارتی میڈیا کے کردار پر بھی سنجیدہ سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔