اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی(سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا اور دیگر متعلقہ افسران کے ہمراہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا تفصیلی جائزہ اور مختلف سیکشنز کا معائنہ کیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو متعلقہ افسران نے منصوبے پر ہونے والی ابتک کی پیشرفت پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا ترقیاتی کام کامیابی کیساتھ مقررہ مدت سے پہلے ہی تکمیلی مراحل میں داخل ہوچکا ہے۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبہ کو آپریشنل کرنے سے قبل فنشنگ ورک کا آغاز کردیا گیا ہے۔بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے اطراف دیدہ زیب لینڈ اسکیپنگ اور ہارٹیکلچر کا کام تیزی سے جاری ہے اور منصوبے کو مزید خوبصورت بنانے کیلئے مستقل بنیادوں پر خوبصورت لائٹس نصب کرنے کا سلسلہ بھی تیزی سے جاری ہے۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ منصوبے کے باضابطہ افتتاح کی تیاریاں بھی زور و شور سے جاری ہیں اور افتتاح کے فورا بعد ٹی چوک فلائی اوور کو عام ٹریفک کیلئے کھول دیا جائیگا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کے ترقیاتی کاموں کی پیشرفت اور اعلی معیار پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو قبل از وقت مکمل کرنے کے ساتھ ترقیاتی کاموں کے معیار پر کوئی بھی سمجھوتہ نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے سے جڑواں شہروں کے علاوہ لاہور/ پنجاب سے آنے والے مسافر بھی مستفید ہونگے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے جی ٹی روڈ سے دارالحکومت اسلام آباد میں سگنل فری انٹری کی سہولت میسر آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کی جدت ہماری اولین ترجیح ہے۔
