اشک آباد(سب نیوز)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے، ملاقات گرمجوشی اور خیرسگالی کے ماحول میں ہوئی اور باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں انٹرنیشنل ایئر آف پیس اینڈ ٹرسٹ اجلاس کی سائیڈ لائنز پر ایرانی صدر مسعود پزیشکیان سے ملاقات کی، ملاقات میں دونوں رہنماوں نے باہمی تعاون کو بڑھانے پر اتفاق کیا، جو پاکستان اور ایران نے رواں سال بیرونی جارحیت کے دوران ایک دوسرے کو فراہم کیا۔
وزیر اعظم نے پاکستان ایران جوائنٹ اکنامک کمیشن کے 22 ویں اجلاس کے کامیاب انعقاد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کو باہمی تجارت کے حجم میں اضافے، بارڈر مارکیٹس کے فعال کرنے، سرحدی سیکیورٹی مضبوط بنانے اور اسلام آباد تہران استنبول ریلوے کنکٹیویٹی کو بحال کرنے کے لیے مزید قریب تعاون کرنا ہوگا۔
اعلامیے کے مطابق شہباز شریف نے خطے اور عالمی حالات پر گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان انتظامیہ پر زور دینے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی، تاکہ افغانستان کی سرزمین سے پاکستان کے لیے درپیش سنگین سیکیورٹی خدشات خصوصا دہشت گردی کے مسئلے کو موثر انداز میں حل کیا جا سکے۔دونوں رہنماوں نے غزہ میں جاری امن کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا، ایرانی صدر نے خیالات کے مفید اور بروقت تبادلے پر وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایران پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف کی ایرانی صدر سے ملاقات، باہمی تعاون بڑھانے پر اتفاق
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
