Tuesday, December 16, 2025
ہومبریکنگ نیوزاراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی روکنے کی استدعا مسترد، سی ڈی اے کا ڈویلپ پلاٹس دینے کا فیصلہ

اراضی مالکان کو معاوضے کی ادائیگی روکنے کی استدعا مسترد، سی ڈی اے کا ڈویلپ پلاٹس دینے کا فیصلہ

اسلام آباد:(سب نیوز)
اسلام آباد ہائیکورٹ نے نئے سیکٹرز کے اراضی مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی فوری روکنے کی استدعا مسترد کر دی جبکہ سی ڈی اے نے نئے سیکٹرز کے اراضی مالکان کو اسی سیکٹر میں ڈویلپ پلاٹس دینے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی لاء سی ڈی اے نعیم اکبر ڈار نے عامر لطیف گِل ایڈووکیٹ کے ذریعے سی ڈی اے کا تفصیلی جواب عدالت میں جمع کروا دیا۔

جسٹس اعظم خان نے شہری ملک گلزرین کی معاوضوں کی ادائیگی بڑھانے تک ادائیگی روکنے کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت میں جمع کروائے گئے سی ڈی اے کے جواب میں کہا گیا کہ سیکٹرز D13, E13, F13 کے اراضی مالکان کے لیے جلد ڈویلپ پلاٹس کی قرعہ اندازی کرنے جا رہے ہیں، سی ڈی اے سیکٹرز کے اراضی مالکان کو لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت پلاٹس الاٹ کریں گے۔

سی ڈی اے سیکٹرز کے اراضی مالکان کو سروے کے بعد گھروں کے بدلے بھی معاوضہ دیا جائے گا۔ سی ڈی اے کو سیکڑوں اراضی مالکان نے لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت معاوضوں کے لیے درخواستیں دے دی ہیں اور ابتدائی تصدیق کے بعد اراضی مالکان کو لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت معاوضوں کی ادائیگی شروع کر دی ہے۔

سی ڈی اے لینڈ شیئرنگ پالیسی کے تحت سیکڑوں اراضی مالکان کو پہلے ہی معاوضوں کی ادائیگی کر چکا ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نئے سیکٹرز کے اراضی مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کیس کی مزید سماعت 12 دسمبر کو کرے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔