Sunday, December 14, 2025
ہومبریکنگ نیوزوائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ، صدر ٹرمپ نے بڑا حکم جاری کردیا

وائٹ ہاؤس کے باہر فائرنگ، صدر ٹرمپ نے بڑا حکم جاری کردیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی حملہ کے تناظر میں حکم جاری کیا ہے کہ واشنگٹن میں 500 اضافی نیشنل گارڈز تعینات کئے جائیں گے۔

امریکی وزیر جنگ پیٹ ہیگسیتھ کا کہنا تھا کہ دو نیشنل گارڈز پر فائرنگ کے بعد صدر ٹرمپ نے واشنگٹن ڈی سی میں 500 اضافی اہلکار تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

پیٹ ہیگسیتھ نے کہا کہ اہلکاروں پر حملہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، جلد اضافی اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔ اضافی تعیناتی کا مقصد دارالحکومت میں سیکیورٹی کو مضبوط بنانا اور کسی بھی ممکنہ خطرے کا مقابلہ کرنا ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ سابق صدر جو بائیڈن کے دور حکومت میں افغانستان سے آنے والے ہر شخص کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔

وائٹ ہاؤس کے باہر حملے کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب میں کہا کہ بائیڈن دور میں 2 کروڑ سے زائد غیر ملکی تارکین وطن امریکا آئے، جن کی کسی بھی حوالے سے جانچ پڑتال نہیں کی گئی۔

انھوں نے کہا یہ غیر ملکی تارکین وطن ملک کی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں، کوئی بھی ملک اس طرح کی سیکیورٹی رسک کو برداشت نہیں کرے گا، ہم بائیڈن دور میں افغانستان سے آنے والے ہر شخص کی جانچ پڑتال کریں گے۔

واضح رہے کہ امریکا کے نیشنل گارڈ کے 2 فوجیوں کو قومی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں وائٹ ہاؤس کے ایک بلاک پر گولی مار دی گئی ہے اور ان کی حالت تشویش ناک ہے۔ حکام نے تصدیق کی ہے کہ ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے واقعے کو ’قومی سلامتی کا معاملہ‘ قرار دیا ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بعد میں اس حملے کو ’دہشت گردی کی کارروائی‘ قرار دیا اور کہا کہ مجرم افغانستان سے ہمارے ملک میں داخل ہوا اور اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔ امریکی شہریت اور امیگریشن سروسز نے اعلان کیا ہے کہ فائرنگ کے بعد افغان شہریوں سے متعلق تمام امیگریشن درخواستوں پر کارروائی غیر معینہ مدت کے لیے معطل کر دی گئی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔