Friday, November 14, 2025
ہوماسلام آبادچیئرمین سی ڈی اے کی کیپیٹل ہسپتال میں ورلڈ ذیابیطس ڈے پر تقریب اور واک میں شرکت

چیئرمین سی ڈی اے کی کیپیٹل ہسپتال میں ورلڈ ذیابیطس ڈے پر تقریب اور واک میں شرکت

اسلام آباد(آئی پی ایس )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے جمعہ کے روز کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد میں عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر جڑواں شہروں کے پہلے سرکاری نیورولوجی اور اسٹروک سینٹر سمیت پیڈیاٹرک ڈرماٹولوجی اور ٹیلی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کی افتتاحی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر جڑواں شہروں کے پہلے سرکاری نیورولوجی اور اسٹروک سینٹر سمیت پیڈیاٹرک ڈرماٹولوجی اور ٹیلی میڈیسن ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔

تقریب میں کیپیٹل ہسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج، ہیڈ آف اینڈوکرائنولوجی ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر سرور ملک، ڈاکٹر ایمان ملک، ڈاکٹر فرحان، ڈاکٹر سرفراز، ڈاکٹر فاطمہ بلال، ڈاکٹر حنان اور ڈاکٹر ماریہ شفیع سمیت کیپیٹل ہسپتال کے تمام ماہرین طب نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ مریض ہمیشہ علاج میں اولین ترجیح ہونے چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اس جدید دور میں معیاری طبی سہولیات، بروقت تشخیص اور جدید آلات تک عوام کی رسائی نہایت ضروری ہے تاکہ پیچیدہ بیماریوں کا موثر علاج یقینی بنایا جاسکے۔ اس موقع پر انہوں نے صحت عامہ کے فروغ، بیماریوں سے بچا کیلئے آگاہی مہمات اور خصوصی طور پر ذیابیطس، اسٹروک اور دیگر دائمی امراض کیلئے ہسپتال کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کیپیٹل ہسپتال کی پوری ٹیم کی لگن، پیشہ ورانہ مہارت اور مریضوں کی نگہداشت کے اعلی معیار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف کمیونٹی کی صحت کو بہتر بناتے ہیں بلکہ سرکاری طبی اداروں پر عوام کا اعتماد بھی بڑھاتے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر نعیم تاج نے کہا کہ کیپیٹل ہسپتال اسلام آباد کمیونٹی کو معیاری اور ہمدردانہ طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے نہ صرف انتہائی پرعزم ہے بلکہ ہمہ وقت تیار بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل جدت، علمی تحقیق اور خصوصی سروسز کے ذریعے اسلام آباد میں اعلی اور معیاری مرکزِ بننے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے مریضوں کے جدید علاج میں کثیر الجہتی طریقہ کار اور ٹیلی میڈیسن کی اہمیت پر بھی زور دیا۔تقریب کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کیپیٹل ہسپتال کی مستقبل کی کاوشوں کیلئے بھرپور حمایت کا اظہار کیا اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر نعیم تاج سمیت تمام طبی اور پیرا میڈیکل عملے کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ بعد ازاں، چیئرمین سی ڈی اے نے عالمی یوم ذیابیطس کے موقع پر آگاہی واک میں شرکت کی۔ اسی طرح آگاہی واک می شامل ڈاکٹرز میں اعزازی شیلڈز بھی تقسیم کی گئیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔