Friday, November 14, 2025
ہومبریکنگ نیوزسپریم کورٹ کے ججوں کے استعفے کا تحریک انصاف کا خیر مقدم،حکومت پر شدید تنقید

سپریم کورٹ کے ججوں کے استعفے کا تحریک انصاف کا خیر مقدم،حکومت پر شدید تنقید

اسلام آباد (سب نیوز )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور قومی اسمبلی کے رکن اسد قیصر سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے والے جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ وکلا کو ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔

پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر نے پارلیمنٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس منصور علی شاہ اور جسٹس اطہر من اللہ نے استعفی دے دیا ہے اور میں انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جتنی وکلا تنظیمیں اور مزدور تنظیمیں ہیں ان کو ان کے ساتھ کھڑے ہونا چاہیے۔

اسد قیصر نے کہا کہ کل دو بجے ہمارا اجلاس ہوگا جس میں اگلے لائحہ عمل کا فیصلہ کیا جائے گا اور حکومتی اقدامات پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کیا قانون میں ترمیم اس طرح ہوتی ہے، ایک بار ترمیم کر کے پھر کہنا کہ یہ ایسا نہیں ویسا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جو کہتا ہے ووٹ کو عزت دو اور وہ عام طور پر نہیں آتے ہیں لیکن کل آگئے۔

بیرسٹر گوہر

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ عدلیہ پر اس سے پہلے بھی دبا آیا ہے، پاکستان تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی کو واپس لائے گی۔

میڈیا سے گفت گو میں انہوں ںے کہا کہ سپریم کورٹ کے دو ججز نے استعفی دیا، ہم کوشش کر رہے ہیں کہ جمہوریت چلے، اگر آپ کہ یہ فیصلے ہوں گے تو اس سے ملک و قوم میں انتشار پھیلے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر حال میں عدلیہ کو محفوظ کریں گے، چھبیس اور ستائیسویں آئینی ترمیم میں بہت فرق ہے، ہم نے بھرپور احتجاج کیا اور ایوان میں بھی احتجاج کریں گے، سپریم کورٹ کو آپ نے بنیادی حقوق سے محروم کیا، اگر ترمیم کرنے بھی ہے تو اداروں کی آزادی اور لوگوں کی مرضی سے ہو۔

بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ عدلیہ پر اس سے پہلے بھی دبا آیا ہے، پاکستان تحریک انصاف عدلیہ کی آزادی کو واپس لائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔