اسلام آباد(سب نیوز)کرکٹ کی دنیا میں ایک جانا پہچانا نام محمد نعیم المعروف انضی جنہوں نے اپنے کرکٹ کیریئر کا آغاز جونیئر ورلڈ کپ انڈر-19 سے کیا،وہ بابراعظم، حارث رؤف، شاداب خان، حیدر علی اور دیگر معروف کرکٹرز کے ساتھ کھیل چکے ہیں۔محمدنعیم نے ڈومیسٹک کرکٹ میں 20 سال خدمات انجام دیں اور اس وقت پی سی بی سے تصدیق شدہ اسلام آباد ریجن کے کوچ کے طور پر اپنی ذمہ داریاں سر انجام دے رہے ہیں۔
گزشتہ تین سال سے کوچنگ کے میدان میں سرگرم ہیں اور بطور اوپننگ بیٹسمین اپنا الگ مقام رکھتے ہیں۔سب نیوز کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں محمد نعیم المعروف انضی نے کہا کہ میں نوجوانوں کو یہی پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ تعلیم پر بھرپور توجہ دیں،کھیل کے ساتھ ساتھ تعلیم بھی نہایت ضروری ہے کیونکہ ایک کامیاب کرکٹر بننے کے لیے صرف کھیل نہیں بلکہ شعور اور علم بھی بہت اہم ہے۔انہوں نے بتایا کہ وہ 2024 سے کرکٹ اسلام آباد ٹیم کے لیے سلیکٹ ہوئے اور موبائل ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے ذریعے کئی باصلاحیت کھلاڑی سامنے آئے ہیں۔
محمد نعیم نے انڈر-15 سطح پر بھی کرکٹ کھیلی ہے اور ملک میں ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو نکھارنے کے لیے سرگرم ہیں۔موجودہ نسل کے رویے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کے نوجوانوں میں ہار برداشت کرنے کا حوصلہ کم ہوتا جا رہا ہے۔ میرے پاس بہت سے ایسے نوجوان کرکٹرز آئے جن کی سلیکشن نہ ہونے پر وہ مایوسی کا شکار ہو جاتے ہیں اور بعض اوقات والدین کو جذباتی طور پر بلیک میل کرتے ہیں۔ یہ رویہ نہایت خطرناک اور پریشان کن ہے۔انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ محنت، لگن اور مستقل مزاجی کامیابی کی کنجی ہیں،وقتی ناکامی سے گھبرانے کے بجائے مستقل محنت کریں، انشاءاللہ وقت کے ساتھ سب کچھ بہتر ہو جاتا ہے۔
