Thursday, November 13, 2025
ہومتازہ تریناسلام آباد کچہری دھماکا، خودکش حملہ آور کے سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار

اسلام آباد کچہری دھماکا، خودکش حملہ آور کے سہولت کار اور ہینڈلر گرفتار

اسلام آباد: (آئی پی ایس) سکیورٹی اداروں نے وفاقی دارالحکومت میں جوڈیشل کمپلیکس پر ہونے والے خودکش حملے کے سہولت کار اور ہینڈلر کو گرفتار کر لیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو حراست میں لیا، سہولت کار گزشتہ ایک ماہ سے راولپنڈی میں مقیم تھا جبکہ ہینڈلر کو خیبرپختونخوا سے گرفتار کیا گیا، پولیس اور حساس اداروں نے اب تک پانچ افراد کو حراست میں لیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ خودکش حملے سے قبل سہولت کار اور خودکش بمبار دونوں نے جوڈیشل کمپلیکس کی متعدد بار ریکی کی تھی تاکہ حملے کی منصوبہ بندی کو حتمی شکل دی جا سکے، ملزمان کو گرفتار کرنے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کار کو ڈھوک پراچہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا اور وہ راولپنڈی کینٹ کے اہم مقامات کی ریکی بھی کرتا رہا، سہولت کار اور ہینڈلر کو 40 گھنٹوں کے اندر گرفتار کر لیا گیا۔
قبل ازیں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے بتایا ہے کہ اسلام آباد کچہری پر ہونے والے حالیہ حملے کا خودکش بمبار افغانستان سے تعلق رکھتا تھا، ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ حملہ آور نہ تو پاکستانی زبان سمجھ سکتا تھا اور نہ پاکستانی کرنسی کے نوٹوں سے واقف تھا۔
وزیر مملکت نے بتایا کہ خودکش بمبار اسلام آباد میں داخل ہونے کے بعد مختلف موٹر سائیکلوں پر سفر کرتا رہا اور دورانِ تفتیش یہ بھی معلوم ہوا کہ اُسے پاکستانی کرنسی میں کرایہ ادا کرنے میں دشواری پیش آ رہی تھی۔


اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس کے باہر حالیہ خودکش حملے میں 12 افراد شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے، جس کے بعد سی ٹی ڈی راولپنڈی نے غیر معمولی تیزی کے ساتھ ملزمان کا سراغ لگایا اور 40 گھنٹوں کے اندر بڑی کارروائی کرتے ہوئے فتنۂ ہندُستان کے خوارجی سہولت کاروں کو گرفتار کر لیا۔

عوامی و سیکیورٹی حلقوں نے سی ٹی ڈی راولپنڈی کی اس کامیابی کو ملک میں امن و استحکام کے لیے ایک فیصلہ کن پیش رفت قرار دیا ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔