کراچی (سب نیوز)معروف پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئی ہیں۔
پاکستانی ڈرامہ نگار، ٹی وی ڈرامہ سیریل کے مصنف اور شاعر اصغر ندیم سید نے ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
اصغر ندیم سید نے عارفہ سیدہ کے انتقال پر گہرے دُکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کا انتقال لاہور میں ہوا، اِن کی کی نمازِ جنازہ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
عارفہ سیدہ زہرا نے ایم اے اردو گورنمنٹ کالج لاہور سے کیا تھا، انہوں نے ایسٹ ویسٹ سینٹر، یونیورسٹی آف ہوائی سے تاریخ میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری بھی حاصل کی۔
عارفہ سیدہ 1986ء تا 2009ء تک گورنمنٹ کالج فار ویمن گلبرگ لاہور کی پرنسپل رہیں۔ وہ 7 زبانوں پر عبور رکھتی تھیں۔
عارفہ سیدہ تعلیمی، انتظامی، سماجی اور ثقافتی کمیٹیوں کی رُکن بھی رہیں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کاڈاکٹر عارفہ سیدہ کے انتقال پر اظہار افسوس
— صدر مملکت آصف علی زرداری نے معروف ماہرِ تعلیم، دانشور اور ادیبہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔صدر زرداری نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات پاکستان کے علمی و ادبی حلقوں کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی علمی خدمات اور قومی زبان کے فروغ کے لیے کی گئی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔صدر نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا نے اپنی زندگی علم، تحقیق اور خدمتِ انسانیت کے لیے وقف کر کے ایک روشن مثال قائم کی۔انہوں نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی برادری کے لیے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومہ کو جوارِ رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
وزیرِ قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی کا معروف ادیبہ و ماہرِ تعلیم ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر اظہارِ افسوس
ووزیرِ قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے معروف ماہرِ تعلیم اور ادیبہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کیا ہے۔وزیرِ ثقافت نے کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی وفات علمی، ادبی اور فکری دنیا کے لیے ایک بہت بڑا نقصان ہے۔ انہوں نے مرحومہ کی علم و تحقیق اور انسانی خدمت کے میدان میں خدمات کو لازوال قرار دیتے ہوئے کہا کہ قومی زبان کے فروغ اور فکری بالیدگی کے لیے ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔اورنگزیب خان کھچی نے مرحومہ کے اہلِ خانہ، شاگردوں اور علمی حلقوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور دعا کی کہ اللّہ تعالیٰ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کو اپنی رحمت میں جگہ دے اور پسماندگان کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔وزیرِ ثقافت نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا کی فکری اور تعلیمی میراث نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے اور وزارتِ قومی ورثہ و ثقافت ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرے گی اور ان کے کام کو محفوظ بنانے کے لیے اقدامات کرے گی۔
معروف پروفیسر ڈاکٹر عارفہ سیدہ زہرا انتقال کر گئیں
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔
