اسلام آباد (سب نیوز)وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چودھری کا کہنا ہے کہ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں کئی امور پر اتفاق رائے کر لیا گیا ،کوشش کی جارہی ہے کہ ساری چیزیں متفقہ طور پر ہوں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ساری چیزیں رپورٹ کی صورت میں سینیٹ میں پیش ہونگی،کوشش کریں گے رپورٹ آج ہی ہو جائے لیکن کوئی جلدی نہیں،کئی ہفتوں اور مہینوں سے ستائیسویں ترمیم پر مشاورت ہو رہی ہے۔ان سب کا اتفاق رائے ہوگا جو اس وقت بات چیت کا حصہ ہیں،پی ٹی آئی جتنا پارلیمنٹ سے دور جائے گی اتنا سیاست سے دور جائے گی،یقینا وہ ایک سیاسی جماعت ہے ،خیبرپختونخوا میں حکومت کر رہے ہیں۔محمود اچکزئی جس اسمبلی میں بھی رہے ہیں اسی کا حصہ رہے ہیں،پارلیمنٹ کا حصہ ہیں تو پارلیمنٹ سے دوڑیں نہیں،جتنا پارلیمنٹ سے دور جائیں گے اتنا ہی سیاست سے مائنس ہونگے۔جن کے پاس 80 سیٹیں ہوں اور اپنا اپوزیشن لیڈر نہ ہو اس پر کیا بات کی جائے،کسی کی دھمکیوں سے ستائیسویں ترمیم منظور ہونے سے نہیں رکے گی۔
