لاہور (سب نیوز)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے میرٹ کے نظام میں بڑی اصلاحات کا اعلان کر دیا ہے۔کمیشن نے امیدواروں کو ڈگری میں حاصلکردہ نمبروں کی بنیاد پر دیے جانے والے اضافی مارکس ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ بھرتیوں میں شفافیت اور انصاف کو فروغ دیا جا سکے۔
پی پی ایس سی کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)محمد عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اب میرٹ کا تعین صرف پی پی ایس سی کے امتحانی نتائج اور انٹرویوز کی بنیاد پر کیا جائے گا، اور تحریری امتحانات کے نمبروں پر زیادہ توجہ دی جائے گی۔کمیشن نے تحقیقاتی کام اور غیر کلینیکل تجربے کے لیے دیے جانے والے اضافی نمبروں کو بھی ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ تبدیلیاں یکم جنوری 2026 سے لاگو ہوں گی اور تمام امیدواروں کے لیے ایک یکساں معیار پر مبنی نظام قائم ہو جائے گا۔یہ فیصلہ فل کمیشن اجلاس میں ریفارم کمیٹی کی سفارشات کے بعد حتمی شکل دیا گیا، جس کی صدارت ریٹائرڈ انسپکٹر جنرل اور کمیشن کے رکن عارف نواز خان نے کی۔پی پی ایس سی کے سیکرٹری کے مطابق کہ یہ اصلاحات بین الاقوامی پبلک سروس کمیشنز کے مفصل مطالعے کے بعد متعارف کرائی گئی ہیں تاکہ نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔ لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ)محمد عبدالعزیز نے دوبارہ یقین دہانی کرائی کہ کمیشن ہر امیدوار کے لیے شفافیت، غیر جانبداری اور مساوی مواقع فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
