Thursday, November 13, 2025
ہومپاکستانوزیراعظم کے حکم پر وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی

وزیراعظم کے حکم پر وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی

اسلام آباد(سب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزارت عظمی کے عہدہ کیلئے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی، پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر انوشہ رحمن اور طاہر خلیل سندھو نے وزیراعظم کو استثنی دینے کی تجویز جمع کرائی تھی۔تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاوس میں پارلیمان کی مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت عظمی کے عہدہ کے لیے مجوزہ استثنیٰ کی ترمیم واپس لے لی گئی۔

ذرائع کے مطابق سینیٹر انوشہ رحمن نے وزیر اعظم کی ہدایت پر مجوزہ استثنیٰ کی تجویز واپس لی، جبکہ چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک نے ترمیم واپس لینے کو سراہا۔ذرائع کے مطابق کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم کو استثنیٰ کی ترمیم سینیٹر انوشہ رحمن اور طاہر خلیل سندھو نے جمع کروائی تھی۔قبل ازیں وزیرِاعظم شہباز شریف نے 27ویں آئینی ترمیم میں وزیراعظم کو استثنیٰ دینے سے متعلق مسلم لیگ (ن)کی مجوزہ شق واپس لینے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم کو مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ آذربائیجان سے واپسی پر مجھے معلوم ہوا کہ ہماری جماعت کے چند سینیٹرز نے وزیراعظم کو استثنی دینے سے متعلق ایک ترمیم جمع کرائی ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں ان کے نیک ارادے کا احترام کرتا ہوں، مگر یہ تجویز کابینہ سے منظور شدہ مسودے کا حصہ نہیں تھی، میں نے اسے فورا واپس لینے کی ہدایت کر دی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اصولی طور پر ایک منتخب وزیراعظم کو عدالتِ قانون اور عوام دونوں کے سامنے مکمل طور پر جوابدہ رہنا چاہیے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔