بیجنگ :
نیدرلینڈز کے معاشی امور کے وزیر کارِیمانز نے اپنے ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر سیمی کنڈکٹر کمپنی نیکسپیریا کے بارے میں ایک بیان جاری کیا ۔
اس حوالے سے چینی وزارت تجارت کے ترجمان نے نو نومبر کو صحافی کے سوال کے جواب میں کہا کہ چین نےاس بیان کو نوٹ کیا ہے، لیکن اب تک نیدرلینڈز کی جانب سے چینی کمپنیوں کے قانونی حقوق کی خلاف ورزی کو روکنے اور عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کا استحکام بحال کرنے کے حوالے سے عملی اقدامات سامنے نہیں آئے۔
انہو ں نے کہا کہ چین عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کے استحکام اور سلامتی کے لیے یکم نومبر کو اہل متعلقہ برآمدات کو استثنیٰ دینے کا اعلان کر چکا ہے، اور موجودہ عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین میں عدم استحکام کی وجہ اور اس کا ذمہ دار نیدرلینڈز ہے ۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ چین کو امید ہے کہ نیدرلینڈز کی جانب سے بیان صرف زبانی نہیں ہو گا بلکہ اس حوالے سے جلد از جلد تعمیری منصوبے پیش کیے جائیں گے ، عملی اقدامات اٹھاکر جلد اور مؤثر طریقے سے عالمی سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کے استحکام کو بحال کیا جائے گا اور انتظامی ذرائع سے کمپنیوں کے اندرونی امور میں مداخلت کو روک کر ، سیمی کنڈکٹر کمپنی نیکسپیریا کے مسئلےکو جلد حل کرنے میں مدد کی جائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ چین نیدرلینڈز کی معاشی امور کی وزارت کی جانب سے نمائندوں کے چین آنے اور ان کے مشاورت کرنے کی درخواست سے اتفاق کرتا ہے ۔
