Thursday, November 13, 2025
ہومپاکستانچودھری شجاعت سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کیلئے عملی اقدامات پر زور

چودھری شجاعت سے جرمن سفیر کی ملاقات، دوطرفہ تجارت کیلئے عملی اقدامات پر زور

لاہور: (آئی پی ایس) سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے جرمن سفیر اینا لیپل نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت کے لیے عملی اقدامات پر زور دیا گیا۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین بھی ملاقات میں موجود تھے، باہمی دلچسپی کے امور اور دوطرفہ تجارت پر بات چیت ہوئی۔

جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی، ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا، پاکستان اور جرمنی کے سرمایہ کاروں کے مابین جوائنٹ وینچرز کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ جرمن ٹیکنالوجی شاندار ہے، پاکستان کو جرمن ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا چاہئے، پاکستان اور جرمنی کو دوطرفہ تجارت بڑھانے کے ضرورت ہے، پاکستان اور جرمن کے سرمایہ کار مشترکہ منصوبے شروع کرنے کا جائزہ لیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ کی بہتری اور پنک سالٹ کی ویلیو ایڈیشن کیلئے جرمن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت شافع حسین نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور کہا کہ پنجاب کے سپیشل اکنامک زونز میں غیر ملکی سرمایہ کیلئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سپیشل اکنامک زونز میں عالمی معیار کا صنعتی انفراسٹرکچر موجود ہے، یہاں سرمایہ کاری پر غیر ملکی سرمایہ کاروں کو خصوصی مراعات حاصل ہیں، فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے کمیونٹی سینٹر بنایا جارہا ہے ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قائداعظم بزنس پارک شیخوپورہ میں گارمنٹ سٹی بن رہا ہے، گارمنٹ سٹی میں ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کار ٹیکسٹائل انڈسٹری لگائیں گے، جرمنی کے سرمایہ کار پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع سے فائدہ اٹھائیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر چودھری سالک حسین نے اپنی وزارت کے امور بارے آگاہ کیا کہ بیرون ممالک ہنر مند افرادی قوت کی بہت ڈیمانڈ ہے، فیڈمک کے زیر اہتمام انڈسٹریل اسٹیٹس میں بڑے غیر ملکی سرمایہ کار گروپوں نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے، جرمنی کے سرمایہ کار بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں۔

جرمنی کی سفیر اینا لیپل نے کہا کہ جرمنی کا سکل ڈویلپمنٹ میں پاکستان بالخصوص پنجاب کے ساتھ اشتراک موجود ہے، جرمن کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا جائے گا، پنجاب کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔

اس موقع پر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عمران ہاشمی اور صنعت کار بھی ملاقات میں موجود تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔