اسلام آباد(آئی پی ایس ) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے قومی اسمبلی کے حلقہ NA-66 سے ضمنی انتخاب میں کامیابی حاصل کرنے پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار بلال فاروق تارڑ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلال فاروق تارڑ کی کامیابی عوام کے بھرپور اعتماد اور مسلم لیگ (ن) کی عوام دوست پالیسیوں کی واضح عکاسی ہے۔ یہ کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ عوام مسلم لیگ (ن) کی قیادت پر اعتماد کرتے ہیں اور ملک کی ترقی و استحکام کے سفر میں ان کے ساتھ ہیں۔
سیدال خان نے اس موقع پر وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف، قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف اور وزیرِ اعلی مریم نواز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ملک میں ترقی، استحکام اور عوامی خوشحالی کے لیے ہمیشہ عملی اقدامات کیے ہیں۔ میاں محمد نواز شریف کا وژن، وزیراعظم شہباز شریف کی انتھک محنت، اور مریم نواز شریف کی متحرک قیادت پارٹی کی کامیابیوں کی اصل بنیاد ہیں۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ شفاف اور پرامن ضمنی انتخاب جمہوری تسلسل اور عوامی اعتماد کا مظہر ہے، اور بلال فاروق تارڑ کی کامیابی مسلم لیگ (ن) کی عوامی مقبولیت کی ایک اور بڑی مثال ہے۔
