پیرس(آئی پی ایس )امریکا نے ایران پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ میکسیکو میں اسرائیل کے سفیر کو قتل کرنے کی سازش کر رہا تھا، جو دونوں ممالک کے تنازع کو کسی اور خطے تک لے جانے کی تازہ کوشش ہو سکتی تھی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق ایک امریکی اہلکار نے کہا کہ انقلابی گارڈز کی خصوصی القدس فورس نے پچھلے سال کے آخر میں اس سازش کا آغاز کیا اور اسے اس سال ناکام بنا دیا گیا ہے۔امریکی اہلکار نے کہا کہ سازش کو ناکام بنا دیا گیا اور اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے۔
امریکی اہلکار نے تفصیلی شواہد فراہم نہیں کیے اور یہ نہیں بتایا کہ سازش کو کس طرح ناکام بنایا گیا، اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے تبصرہ کرنے سے انکار کر دیا۔امریکی اہلکار کے مطابق مبینہ سازش پر یکم اپریل پچھلے سال کے بعد عمل کیا جانا تھا، جب اسرائیل نے دمشق میں ایرانی سفارت خانے کے کمپلیکس پر حملہ کیا، جس میں انقلابی گارڈز کے کئی اعلی افسران ہلاک ہو گئے تھے۔ اسرائیل نے اس سال ایران میں کہیں زیادہ وسیع بمباری مہم چلائی تھی، جس میں ایک ہزار سے زیادہ افراد ہلاک ہوئے تھے۔امریکا نے اہم جوہری مقامات پر بمباری میں شمولیت کرلی تھی، ایران حماس کا اہم حامی رہا ہے، جو 2007 میں انتخابات جیتنے کے بعد سے غزہ پٹی پر حکومت کر رہی ہے۔
