Thursday, November 13, 2025
ہومدنیاچینی صدر کے خصوصی نمائندے ڈنگ شوئی شیانگ کی بیلِیم ماحولیاتی سمٹ میں شرکت

چینی صدر کے خصوصی نمائندے ڈنگ شوئی شیانگ کی بیلِیم ماحولیاتی سمٹ میں شرکت

بیلِیم : چینی صدر شی جن پھنگ کے خصوصی نمائندے، سی پی سی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور چین کے نائب وزیر اعظم ڈنگ شوئی شیانگ نے برازیل کے شہر بیلِیم میں منعقدہ اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن کی 30ویں فریقین کانفرنس “کاپ 30″کی بیلِیم ماحولیاتی سمٹ میں شرکت کی اور خطاب کیا۔

جمعہ کے روزڈنگ شوئی شیانگ نے کہا کہ رواں سال پیرس معاہدے کی 10 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، اور عالمی موسمیاتی گورننس ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ چین نے 2030 کے لیے اپنے قومی سطح پر طے شدہ ماحولیاتی اہداف کے نفاذ میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر شی جن پھنگ نے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے سربراہی اجلاس میں 2035 کے لیے چین کی قومی سطح پر طے شدہ شراکت کا اعلان کیا ،

جو پوری معیشت اور تمام گرین ہاؤس گیسوں کا احاطہ کرتی ہے۔ ان اہداف میں پہلی بار اخراج میں “مطلق کمی” کا ہدف شامل کیا گیا ہے، جو چین کے پختہ عزم اور بھرپور کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔ڈنگ شوئی شیانگ نے کہا کہ آج انسانیت ایک نئے دوراہے پر کھڑی ہے، لہٰذا تمام فریقین کو حقیقی کثیرالجہتی پر عمل پیرا رہنا چاہیے، اتحاد اور تعاون کو مضبوط بنانا چاہیے، تاکہ عالمی ماحولیاتی نظم و نسق کے نظام کو مستحکم اور مؤثر طور پر آگے بڑھایا جا سکے۔ انہوں نے تین تجاویز پیش کیں:اول ، ماحول کے تحفظ، اقتصادی ترقی، روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت کے خاتمے جیسے اہداف کو باہم مربوط کر کے دنیا کے تمام ممالک کے عوام کو زیادہ سے زیادہ فائدہ پہنچایا جائے۔دوسرا، ماحولیاتی اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کیا جائے، “مشترکہ مگر مختلف ذمہ داریوں” کے اصول پر کاربند رہتے ہوئے اقوام متحدہ کے ماحولیاتی تبدیلی کے فریم ورک کنونشن اور اس کے پیرس معاہدے پر جامع اور مؤثر عمل یقینی بنایا جائے۔تیسرا، کھلے پن اور تعاون کو فروغ دیا جائے، اور عالمی اقتصادی و تجارتی تعاون کے لیے ایک سازگار بین الاقوامی ماحول تشکیل دیا جائے۔سمٹ کے دوران ڈنگ شوئی شیانگ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس سے بھی ملاقات کی۔ ڈنگ نے کہا کہ بین الاقوامی صورتحال میں تبدیلیوں سے قطع نظر چین حقیقی کثیرالجہتی پر قائم رہے گا اور بین الاقوامی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار اور اس کے کلیدی مقام کی بھرپور حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ چین پائیدار اور سبز ترقی کے راستے پر ثابت قدمی سے گامزن ہے اور دنیا کے تمام ممالک کے ساتھ رابطے و تعاون کو مضبوط بنا کر انسانیت اور فطرت کی ہم آہنگ بقائے باہمی پر مبنی ایک خوبصورت دنیا کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔