Saturday, November 1, 2025
ہومبریکنگ نیوزتباہ کن اسلحہ کے ساتھ گھروں کو لوٹنے والے پناہ گزین نہیں دہشت گرد ہیں، خواجہ آصف

تباہ کن اسلحہ کے ساتھ گھروں کو لوٹنے والے پناہ گزین نہیں دہشت گرد ہیں، خواجہ آصف

اسلام آباد(آئی پی ایس) وزیر دفاع خواجہ آصف نے افغان وفد کے بیان کو بے بنیاد اور غیر منطقی قرار دیتے ہوئے شدید تنقید کی اور کہا کہ ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کا افغان سرزمین پر پناہ گزینوں کے طور پر موجودگی کا دعویٰ بالکل مضحکہ خیز ہے۔

واضح رہے کہ استنبول مذاکرات میں شریک افغان وفد نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ دہشت گرد اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔


سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں وزیر دفاع نے سوال اٹھایا کہ یہ کس طرح کے پناہ گزین ہیں جو اپنے گھروں کو انتہائی تباہ کن اسلحے سے لیس ہو کر واپس جا رہے ہیں؟
انہوں نے کہا کہ یہ کیسے پناہ گزین ہیں جو سڑکوں یا گاڑیوں کے ذریعے نہیں بلکہ چوروں کی طرح پہاڑوں کے دشوار گزار راستوں سے پاکستان میں داخل ہو رہے ہیں۔
خواجہ آصف نے افغان وفد کے موقف کو ان کی نیت کی بے ایمانی اور عدم صداقت کا غماز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ بیان ان کی کمزوری اور عدم خلوص کو ظاہر کرتا ہے۔

خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر افغان سرزمین پاکستان کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال ہوئی تو پاکستان ہر قیمت پر جواب دے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔