اسلام آباد: چیئرمین تحریکِ انقلاب پاکستان محمد عارف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی اپنے قائد عمران خان سے ملاقات ان کا آئینی و قانونی حق ہے، اور اس راستے میں رکاوٹ ڈالنا بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی کے مترادف ہے۔
محمد عارف نے کہا کہ عدالتی حکم کے باوجود وزیراعلیٰ کو بانی چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات نہ کرانا توہین عدالت ہے۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور وزیراعلیٰ کو فوری ملاقات کی اجازت دلائیں۔ان کا کہنا تھا کہ سہیل آفریدی کی عمران خان سے ملاقات سے کوئی قیامت نہیں آئے گی، تاہم ملاقات نہ ہونے کے باعث خیبرپختونخوا کے کئی اہم معاملات رکے ہوئے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی جلد از جلد عمران خان سے مشاورت کرائی جائے۔
