Friday, October 24, 2025
ہومتازہ ترینچیئرمین سی ڈی اے سے یانگو سروسز کی کنٹری ہیڈ مرال شریف کی قیادت میں وفد کی ملاقات

چیئرمین سی ڈی اے سے یانگو سروسز کی کنٹری ہیڈ مرال شریف کی قیادت میں وفد کی ملاقات

اسلام آباد(سب نیوز)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے)و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی یانگو سروسز پاکستان کی کنٹری ہیڈ مرال شریف خان، ہیڈ آف پبلک پالیسی اینڈ گورنمنٹ افیئرز یانگو جہانگیر خان اور انکی ٹیم سے جمعرات کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات ھوئی۔ ملاقات میں سی ڈی اے کے ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ڈائریکٹر جنرل ریسورس، ڈائریکٹر میٹرو بس سروسز سمیت دیگر سنئیر افسران نے بھی شرکت کی۔

ملاقات میں اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس سلسلہ میں دونوں فریقوں نے میٹرو اور الیکٹرک فیڈر بس سٹیشنز تک رسائی کیلئے جدید اور آن لائن ٹرانسپورٹ سروسز کو باہم مربوط کرانے کے ممکنہ آپشنز پر غور کیا۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد کو دنیا کا بہترین دارالحکومت بنانے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سستی اور ماحول دوست سفری ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس ضمن میں سی ڈی اے بس سٹیشنز اور رئیل ٹائم ٹریکنگ کیلئے گوگل ایپ بھی متعارف کروا چکا ہے۔ اسکو مزید مسثر بنانے کے مقصد کے حصول کیلئے یانگو کے ساتھ اسلام آباد میں عوامی نقل و حمل کے نظام کو مربوط کرنے کیلئے کام کیا جائے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یانگو سروسز کو نہ صرف الیکٹرک اور فیڈر بس منصوبے سے مربوط کیا جائے بلکہ سی ڈی اے کی گوگل ایپ سے بھی منسلک کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام کے تحت اسلام آباد کے شہریوں کو میٹرو اور الیکٹرک فیڈر بسوں اور یانگو کی کار اور بائیک سروسز کی آسان طریقہ کار سے معلومات و سہولیات میسر آئے گی۔یانگو ٹیم نے بتایا کہ یانگو سروسز کی خدمات تیس سے زائد ممالک میں موجود ہیں اور یانگو سروس کئی ممالک میں پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم کے ساتھ بھی منسلک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یانگو کے آٹھ ہزار ڈرائیورز رجسٹرڈ ہیں جو سیف سٹی منصوبہ کے ساتھ بھی منسلک ہیں۔ملاقات میں سستی اور ماحول دوست سفری سہولیات کے فروغ کیلئے الیکٹرک بائیکس و بائیسکل متعارف کرانے پر بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں الیکٹرک بائیکس، سکوٹیز اور بائیسکل کی سہولت متعارف کرائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں اوپن اور شفاف ترین میکنزم کے تحت قومی و بین الاقوامی کمپنیوں کے زریعے الیکٹرک بائیکس، سکوٹیز اور سائیکلوں کی سہولت متعارف کروانے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے اس مقصد کیلئے تمام ضروری انفراسٹرکچر اور بہترین مواقع مہیا کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ملاقات میں یانگو ٹیم نے اسلام آباد میں ماحول دوست شجرکاری میں دلچسپی اور ثقافتی سرگرمیوں میں بھرپور تعاون کا اظہار کیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ملاقات میں یانگو کی تکینکی صلاحیتوں اور تجربات سے بھرپور استفادہ حاصل کرنے کا عزم کرتے ہوئے کہا کہ بہترین، ماحول دوست اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔