Friday, October 24, 2025
ہومپاکستانپاکستان کی اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت

پاکستان کی اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی خلاف ورزی کی شدید مذمت

اسلام آباد(سب نیوز)پاکستان نے اسرائیل کی جانب سے غزہ امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں پر شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔

دفتر خارجہ کے مطابق اسرائیلی حملے جنگ بندی کی خلاف ورزی ہیں۔دفتر خارجہ نے اسرائیلی فوج کے تازہ حملوں پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں قابض اسرائیلی افواج کے نئے حملوں کی سخت مذمت کرتا ہے۔ ترجمان کے مطابق یہ کارروائیاں شرم الشیخ میں مسلم و عرب ممالک، امریکہ، یورپ اور اقوام متحدہ کی قیادت کی موجودگی میں طے پانے والے امن معاہدے کی روح کے منافی ہیں۔

پاکستان نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لیے فوری اور موثر اقدامات کرے، جنگ بندی پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائے اور فلسطینی شہریوں کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ترجمان دفترِ خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے اور اسرائیلی جارحیت کے فوری خاتمے کا مطالبہ کرتا ہے۔پاکستان اپنے اصولی موقف پر قائم ہے کہ فلسطین کی آزاد، خود مختار، قابلِ عمل اور مربوط ریاست 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق قائم کی جائے، جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔