فیشن شو تخلیق اور کمرشل نقطہ نظر کے امتزاج کے ساتھ پاکستانی فیشن کی طاقت کا مظہر ہے، پا کستانی سفیر
بیجنگ (سب نیوز)
بیجنگ میں پاکستان کے سفارتخانے نے چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر (CICCC) کے اشتراک سے عظیم دیوارِ چین پر پہلا پاک چائنا فیشن شو منعقد کیا۔پیر کے روز چینی میڈیا کے مطابق اس تقریب میں اعلیٰ چینی حکام، میڈیا کے نمائندے، تاجروں اور سفارتی حلقوں کے ارکان نے شرکت کی۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے کہا کہ عظیم دیوار چین کا بادالنگ سیکشن اس تقریب کے لیے شاہراہ ریشم سے وابستہ پاک چین تعلق کے حوالے سے ایک موزوں مقام ہے۔انہوں نے اس موقعے کی خصوصی اہمیت کو اجاگر کیا جو اس لحاظ سے بھی منفرد ہے کہ یہ کسی پاکستانی رہنما کے عظیم دیوار چین کے پہلے دورے کی ساٹھویں سالگرہ کا موقع بھی ہے۔ خلیل ہاشمی نے اس بات پر زور دیا کہ یہ فیشن شو تخلیق اور کمرشل نقطہ نظر کے امتزاج کے ساتھ پاکستانی فیشن کی طاقت کا مظہر ہے، جو پاکستانی تخلیقی صلاحیت اور چینی مارکیٹ کے درمیان قدرتی ہم آہنگی کو ظاہر کرتا ہے، اور یوں ایک مشترکہ مستقبل کے لیے نئے تجارتی پل تعمیر کر سکتا ہے۔
اس موقع پر چائنا انٹرنیشنل کلچرل کمیونیکیشن سینٹر کے چیئرمین لونگ یو شیانگ نے کہا کہ یہ فیشن شو نہ صرف ایک شاندار ثقافتی تبادلے کا موقع ہے بلکہ چین۔پاکستان ہمہ موسمی اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کے ثقافتی اور عوامی روابط کی ایک جیتی جاگتی عکاسی بھی ہے۔