Wednesday, October 22, 2025
ہومپاکستانپاک فضائیہ کے دستے کی مشترکہ فضائی مشق انڈس شیلڈ ایلفا میں شرکت کیلئے آذربائیجان آمد

پاک فضائیہ کے دستے کی مشترکہ فضائی مشق انڈس شیلڈ ایلفا میں شرکت کیلئے آذربائیجان آمد

اسلام آباد (سب نیوز)جدید ترین جے ایف17تھنڈر بلاک تھری لڑاکا طیاروں اور ماہر ایئر و گراونڈ عملے پر مشتمل پاک فضائیہ کا دستہ مشترکہ فضائی مشق انڈس شیلڈ ایلفا میں شرکت کے لیے آذربائیجان پہنچ گیا۔بے مثال آپریشنل مہارت اور جرآت مندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے پاکستان میں اپنے ایئربیس سے آذربائیجان تک یہ طویل فضائی سفر بغیر کسی وقفے کے مکمل کیا، جس کے دوران پاک فضائیہ کے آئی ایل78ٹینکر طیارے کی مدد سے ان لڑاکا طیاروں میں دورانِ پرواز ایندھن بھرنے کا عمل انتہائی عمدگی سے سرانجام دیا گیا۔

دورانِ پرواز ایندھن بھرنے کے اس پیچیدہ آپریشن کی کامیاب انجام دہی، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کی طویل فاصلے تک سفر اور عسکری آپریشن انجام دینے کی اہلیت کے ساتھ ساتھ اسکے پائلٹس کی بھرپور پیشہ وارانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔فضائی مشق ‘انڈس شیلڈ ایلفا’ کے زریعے دونوں برادر ممالک کی فضائی افواج کے مابین علمی اشتراک، عسکری ہم آہنگی اور مشترکہ آپریشنز کا فروغ ممکن ہوگا۔ یہ فضائی مشق جدید فضائی جنگ کی حکمتِ عملیوں، مشترکہ مشنز کی منصوبہ بندی اور ان کے عملی مظاہرے پر مبنی ہے، جسے تکنیکی اعتبار سے ہماوقت تغیر پزیر ایئر پاور کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔

یہ مشترکہ فضائی مشق، آپریشنل تجربات کے تبادلے، نئے ابھرتے ہوئے فضائی دفاعی چیلنجز سے نمٹنے اور ان کے خلاف مشترکہ جوابی کارروائیوں کو مزید مستحکم کرنے میں مثر کردار ادا کرے گی۔پاک فضائیہ کی جانب سے انڈس شیلڈ ایلفا میں شرکت خطے میں استحکام اور عالمی سطح پر عسکری تعاون کی فراہمی کے اسکے عزم کی غماز ہے۔ یہ فضائی مشق اس عزمِ مصمم کا بھی اظہار ہے کہ پاک فضائیہ جدید عسکری تقاضوں کے مطابق خود کو بہتر سے بہترین بنانے کے اس سفر کو جاری رکھتے ہوئے، فضائی آپریشنز سے منسلک تمام تر شعبوں میں اپنی لازوال برتری کو برقرار رکھنے کے لیئے ہما وقت کوشاں ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔