پشاور (آئی پی ایس )خیبر پختونخوا کے نومنتخب وزیرِاعلی سہیل آفریدی نے صوبے میں امن کے قیام کیلئے 25اکتوبر کو ضلع خیبر میں امن جرگہ بلانے کا اعلان کردیا۔
وزیراعلی خیبرپختونخوا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا کہ امن کے قیام کے لیے قبائلی عمائدین، رہنماوں اور نوجوانوں پر مشتمل ایک عظیم الشان امن جرگہ 25 اکتوبر 2025 بروز ہفتہ ضلع خیبر، تحصیل باڑہ میں منعقد کیا جائے گا، اور یہ جرگہ سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہوگا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ صوبے کے معاملات کے فیصلوں میں خیبر پختونخوا کے عوام کی خواہشات کو ترجیح دی جانی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا کے عوام خود اپنی زندگیوں اور اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے، کسی کو بھی بند کمروں میں کیے گئے فیصلے عوام پر مسلط کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت عمران خان کے نظریے اور عوام کے مفادات کے ساتھ کھڑی رہے گی۔