Wednesday, October 22, 2025
ہومبریکنگ نیوزاسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈریپ کو میڈیکل ڈیوائسز ڈیلرز ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی سے روکنے کا حکم

اسلام آباد ہائی کورٹ کا ڈریپ کو میڈیکل ڈیوائسز ڈیلرز ایسوسی ایشن کے خلاف کارروائی سے روکنے کا حکم

اسلام آباد: (آئی پی ایس)
مختلف میڈیکل ڈیوائسز پر پابندی سے متعلق معاملہ اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچ گیا۔ عدالت نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو پاکستان میڈیکل ڈیوائسز ڈیلرز ایسوسی ایشن کے خلاف کسی بھی تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

جسٹس خادم حسین سومرو نے ایسوسی ایشن کی درخواست پر سماعت کا حکم نامہ جاری کیا۔ درخواست گزار وکیل کے مطابق ڈریپ نے انٹرو ڈائگناسٹک (IVD) میڈیکل ڈیوائسز کی فروخت کو رجسٹریشن سے مشروط کر دیا ہے، جو خلافِ قانون ہے۔

درخواست گزار کے مطابق ڈریپ کے متنازعہ ایس او پی کی وجہ سے امپورٹرز اور ہیلتھ انڈسٹری کو شدید مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ملک بھر میں ضروری میڈیکل ڈیوائسز کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔

عدالت نے اپنے حکمنامے میں کہا کہ ڈریپ اور متعلقہ ادارے آئندہ سماعت تک درخواست گزاران کے خلاف کوئی تادیبی کارروائی نہ کریں۔ وزارتِ صحت، ڈریپ اور دیگر فریقین کو جواب کیلئے نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں۔

کیس کو نومبر 2025 کے دوسرے ہفتے میں مزید سماعت کے لیے مقرر کر دیا گیا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔