Tuesday, October 21, 2025
ہومبریکنگ نیوزمالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق

مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق

مالاکنڈ (آئی پی ایس) مالاکنڈ میں سوات ایکسپریس وے پر ٹرک الٹنے سے 15 افراد جاں بحق اور 8 شدید زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع مالاکنڈ کے علاقے ظلم کوٹ ٹنل کے مقام پر ایک خوفناک حادثہ پیش آیا ہے، جہاں سوات ایکسپریس وے پر ایک ٹرک اچانک الٹ گیا۔

یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب خانہ بدوش سوات سے فیصل آباد کی جانب نقل مکانی کر رہے تھے۔ حادثے کی وجہ ٹرک کے بریک فیل ہونے اور تیز رفتاری بتائی جا رہی ہے جس کے باعث ٹرک گہری کھائی میں جاگرا۔

حادثے کے فوری بعد ریسکیو اور لیویز کی امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور انہوں نے شدید زخمیوں کو نکال کر کیٹیگری اے ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کیا جہاں زخمیوں کو فوری طبی امداد دی جا رہی ہے۔

اطلاع کے مطابق 15 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ 8 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں کئی کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ جاں بحق ہونے والوں میں چار خواتین اور پانچ بچے بھی شامل ہیں۔

حادثے میں ملوث تمام افراد کا تعلق سوات کے علاقے بحرین سے بتایا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے زخمیوں کی بحالی کے لیے بھرپور کوششیں جاری رکھیں جبکہ لاشوں کو بھی اسپتال منتقل کر کے لواحقین کو اطلاع دی گئی ہے۔
مقامی انتظامیہ اور متعلقہ حکام نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ٹرک کے ڈرائیور کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔

حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے حادثات سے بچاؤ کے لیے اپنی گاڑیوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کریں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔