Tuesday, October 21, 2025
ہومتازہ ترینسی ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن کوایک ارب 84کروڑ روپے سے زائد کے واجبات پر حتمی شوکاز نوٹس جاری کردیا،کاپی سب نیوز پر

سی ڈی اے نے بحریہ ٹاؤن کوایک ارب 84کروڑ روپے سے زائد کے واجبات پر حتمی شوکاز نوٹس جاری کردیا،کاپی سب نیوز پر

اسلام آباد (سب نیوز)کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے پلاننگ ونگ نے بحریہ ٹاؤن (پرائیویٹ) لمیٹڈ کو شرائط کی عدم تکمیل اور کمرشل اسکیموں کے واجبات کی عدم ادائیگی پر حتمی شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے۔
سی ڈی اے کی جانب سے جاری خط کے مطابق بحریہ ٹاؤن کو ہدایت کی گئی تھی کہ وہ کمرشلائزیشن چارجز فی مربع گز 7500 روپے کے حساب سے مجموعی طور پر ایک ارب 84 کروڑ 22 لاکھ روپے (Rs.1,842.27 Million) جمع کرائے، تاہم متعدد یاد دہانیوں اور نوٹسز کے باوجود رقم جمع نہیں کرائی گئی۔
سی ڈی اے کے مطابق بحریہ ٹاؤن کو 17 اکتوبر 2023 کے خط کے ذریعے یہ رقم ڈی ڈی او (پلاننگ ونگ) سی ڈی اے کے حق میں بینک ڈرافٹ کی صورت میں جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی، مگر کمپنی نے تاحال عمل نہیں کیا۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے مذکورہ اسکیموں میں متعدد عمارتیں بغیر اجازت اور غیر قانونی طور پر تعمیر کی ہیں، جبکہ سی ڈی اے سے اسکیموں کی منظوری اور بلڈنگ پلانز کی منظوری حاصل نہیں کی گئی۔سی ڈی اے نے خبردار کیا ہے کہ کمرشلائزیشن چارجز کسی غیر متعلقہ ادارے یا اقساط کی صورت میں جمع کروانے سے تسلیم نہیں کیے جائیں گے۔

رقم صرف پلاننگ ونگ، سی ڈی اے میں جمع کروائی جائے گی۔نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ بحریہ ٹاؤن نے 2023 کے زونز 2، 4 اور 5 کے ترقیاتی قواعد و ضوابط کی بھی خلاف ورزی کی ہے اور این او سی حاصل کیے بغیر ترقیاتی سرگرمیاں جاری رکھی ہوئی ہیں۔سی ڈی اے نے واضح کیا ہے کہ اگر بحریہ ٹاؤن نے مقررہ مدت کے اندر ادائیگی اور شرائط کی تکمیل نہ کی تو اس کے خلاف مزید قانونی کارروائی کی جائے گی۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔