Tuesday, October 21, 2025
ہومبریکنگ نیوزسعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پاکستان پہنچ گیا

سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری، اعلیٰ سطحی کاروباری وفد پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد (سب نیوز) سعودی عرب سے ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے اعلان کے بعد اعلیٰ سطحی سعودی کاروباری وفد پاکستان پہنچ گیا۔ وفد کی قیادت پرنس منصور بن محمد السعود کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس نے سعودی سرمایہ کاروں کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا، جس میں اعلیٰ حکومتی حکام اور پاکستانی بزنس کمیونٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر سردار یاسر الیاس نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کا قریبی دوست اور اہم تجارتی شراکت دار ہے۔ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں روزگار، سیاحت اور صنعتی ترقی کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے لیے بہترین مقام ہے اور حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو مکمل تعاون فراہم کرے گی۔

دورے کے دوران سعودی وفد نے پاکستانی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کیں اور مختلف سرمایہ کاری منصوبوں پر تفصیلی بات چیت کی۔ ملاقاتوں میں منرلز، زراعت، آئی ٹی، توانائی، انفراسٹرکچر اور سیاحت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر گفتگو کی گئی جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں پر پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔

سردار یاسر الیاس نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعلقات نئی بلندیوں کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ سعودی سرمایہ کاری سے پاکستان میں سیاحت کے شعبے کو عالمی سطح پر فروغ ملے گا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔