Monday, October 6, 2025
ہومبریکنگ نیوزریلوے میں گزشتہ سال دوران چوری کے 25 واقعات،1ارب سے زائد کا نقصان

ریلوے میں گزشتہ سال دوران چوری کے 25 واقعات،1ارب سے زائد کا نقصان

راولپنڈی(آئی پی ایس )پاکستان ریلوے میں مئی سے ستمبر 2024 کے دوران چوری کے 25 واقعات سامنے آئے، جن سے قومی ادارے کو مجموعی طور پر 1 ارب 4 کروڑ 49 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ یہ انکشاف آڈیٹر جنرل کی تازہ آڈٹ رپورٹ میں کیا گیا ہے۔رپورٹ کے مطابق، ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور سے ڈسٹری بیوٹر والوز کی چوری کے باعث 56 کروڑ 71 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جب کہ سکھر ڈویژن سے ٹریک میٹریل غائب ہونے سے 32 کروڑ 15 لاکھ روپے کا مالی خسارہ ہوا۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مغلپورہ ورکشاپ سے اسکریپ میٹریل کی چوری میں 1 کروڑ 14 لاکھ روپے کا نقصان ہوا، جبکہ چیف کنٹرولر آف اسٹورز آفس لاہور سے 5276 کلو اسکریپ غائب ہونے سے 87 لاکھ روپے کا نقصان ریلوے کو برداشت کرنا پڑا۔اسی طرح، ریلوے پولیس سکھر اور کراچی میں سگنلنگ اور رولنگ اسٹاک پارٹس کی چوری کے واقعات میں 50 لاکھ روپے سے زائد، اور الیکٹریکل ڈپارٹمنٹ لاہور و کراچی سے ٹرانسفارمرز اور تاروں کی چوری میں 12 لاکھ روپے کا نقصان ریکارڈ کیا گیا۔سول انجینئرنگ ملتان اور لاہور ڈویژن میں ریل پٹری اور پی وے میٹریل جبکہ سگنل اینڈ ٹیلی کام ڈپارٹمنٹ راولپنڈی و ملتان سے آلات کی چوری میں بھی لاکھوں روپے کے نقصانات رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق، پولیس ڈیپارٹمنٹ ملتان میں اسلحہ غائب ہونے سے 14 لاکھ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔ علاوہ ازیں، سولر پینلز، ٹریکشن موٹرز اور ایچ ایس ڈی آئل کی چوری کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے، جن سے مختلف ورکشاپس کی کارکردگی متاثر ہوئی۔آڈیٹر جنرل کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چوری شدہ سامان کی ریکوری کے لیے انتظامیہ کی جانب سے کوئی خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے گئے، جبکہ ایف آئی آرز کے اندراج اور تفتیشی کارروائیوں میں تاخیر دیکھی گئی۔رپورٹ میں سفارش کی گئی ہے کہ ذمہ داروں کا تعین کر کے نقصان کی ریکوری کی جائے اور ریلوے اثاثہ جات کی حفاظت کے لیے سیکیورٹی کے معیار کو بہتربنایاجائے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔