Monday, October 6, 2025
ہومبریکنگ نیوزنواز شریف کے حق میں بیان حلفی، سابق چیف جج گلگت کے خلاف توہین عدالت کیس ختم

نواز شریف کے حق میں بیان حلفی، سابق چیف جج گلگت کے خلاف توہین عدالت کیس ختم

اسلام آباد: (آئی پی ایس) اسلام آباد ہائی کورٹ نے تین سال بعد سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم و دیگر کے خلاف توہین عدالت کا کیس ختم کر دیا۔

پاناما کیس سے متعلق نواز شریف کے حق میں سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے مبینہ بیان حلفی کے حوالے سے توہین عدالت کا کیس عدالت نے غیر مؤثر ہونے پر نمٹا دیا۔
چیف جسٹس سردار محمد سرفراز ڈوگر نے کیس کی سماعت کی، سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم عدالت میں پیش نہ ہوئے۔

وکیل نے بتایا کہ رانا شمیم نے معافی نامہ جمع کروایا تھا اس کے بعد کیس لگا ہی نہیں، اب یہ کیس غیر مؤثر ہوچکا ہے، ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ یہ کیس کافی عرصے بعد مقرر ہوا ہے، اس کیس میں فرد جرم صرف رانا شمیم پر عائد ہوتی تھی۔

ڈپٹی اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ آخری سماعتوں میں رانا شمیم نے عدالت میں معافی نامہ جمع کروایا تھا، اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ سرفراز ڈوگر نے کہا کہ پھر ہم اس کیس کونمٹا دیتے ہیں۔

واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس اطہر من اللہ نے بیان حلفی کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے توہین عدالت کی کاروائی شروع کی تھی۔

یاد رہے کہ رانا شمیم نے اپنے بیانِ حلفی میں دعویٰ کیا تھا کہ اس وقت کے چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار جولائی 2018 میں عام انتخابات سے قبل مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور مریم نواز کی ضمانت رکوانے کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ پر اثر انداز ہوئے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔