کوالالمپور (سب نیوز)وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے 3 روزہ سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر وزیراعظم اور ان کے وفد کا شاندار استقبال کیا گیا۔
اتوار کے روز وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سرکاری دورے پر کوالالمپور پہنچے، جہاں بنگا رایا بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ملائیشیا کے وزیر اطلاعات و کمیونیکیشنز فہمی فادضل، پاکستانی ہائی کمشنر سید احسن رضا شاہ اور سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔وزیراعظم کو شاہی پروٹوکول کے ساتھ ان کی رہائش گاہ منتقل کیا گیا۔ وزیراعظم کی رہائش آمد پر ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم نے ان کا گرمجوشی سے استقبال کیا اور شہباز شریف کو خوش آمدید کہا۔
اس موقع پر شہباز شریف نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا آکر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے، شاندار استقبال پر ملائیشیا کے وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس دورے سے پاک ملائیشیا دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اپنے ملائیشین ہم منصب سے ملاقات کریں گے اور وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے۔ ملاقات میں علاقائی اور عالمی امورپرتبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط بھی ہوں گے۔
ملاقات کے دوران تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کے ساتھ آئی ٹی، ٹیلی کمیونیکیشن، حلال انڈسٹری، سرمایہ کاری، تعلیم، توانائی، انفرا اسٹرکچر، ڈیجیٹل اکانومی اورعوامی روابط جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔دونوں رہنما کئی موجودہ اور نئے شعبوں میں باہمی تعاون کے معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخطوں کی تقاریب میں بھی شریک ہوں گے۔وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ایک اعلی سطح کا وفد بھی دورہ کر رہا ہے، جس میں نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی اور سینئر سرکاری حکام شامل ہیں۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف ملائیشیا کے وزیراعظم انور ابراہیم کی دعوت پر سرکاری دورے پر پہنچے ہیں جب کہ شہباز شریف کا یہ دورہ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے۔
وزیراعظم سرکاری دورے پر ملائیشیا پہنچ گئے، مختلف معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط متوقع
روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔