Saturday, October 4, 2025
ہومپاکستانپاکستان سی پیک سے انتہائی وسیع پیمانے پر مستفید ہو رہا ہے، وزیراعظم

پاکستان سی پیک سے انتہائی وسیع پیمانے پر مستفید ہو رہا ہے، وزیراعظم

چینی صدر ایک بہت ہی دور اندیش رہنما ہیں، شہباز شریف

اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چائنا میڈیا گروپ کو ایک خصوصی انٹرویو دیا۔ انہوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کی تھیانجن سمٹ سے شنگھائی اسپرٹ کو مزید روشن بنانے اور یوریشیا کے باہمی روابط کو آگے بڑھانے کی توقع ظاہر کی۔

شہباز شریف نے کہا کہ وسطی ایشیاء اور جنوبی ایشیاء سمیت خطے کے ممالک کے مابین تعاون کی مضبوطی سے یوریشیا کے باہمی روابط کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ صدر شی جن پھنگ ایک بہت ہی دور اندیش رہنما ہیں، انہوں نے نہ صرف چین کے معاشی منظر نامے کو تبدیل کیا ہے بلکہ وہ ترقی کے ثمرات سے دوسرے ممالک کو فائدہ پہنچانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انسانوں کے ہم نصیب معاشرے میں شامل کرنے کے لئے بھی پرعزم ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے چائنا میڈیا گروپ کو دیے گئے انٹرویو میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سی پیک سے انتہائی وسیع پیمانے پر مستفید ہو رہا ہے ، جو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو فریم ورک کے تحت ایک فلیگ شپ منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا اس منصوبے سے ہونے والی ترقی ایک سنگ میل ثابت ہوئی ہے، توانائی کی قلت پر قابو پایا گیا ہے، انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کیا گیا ہے اور لاکھوں پاکستانیوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی فراہم کیے گئے ہیں ۔

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے انٹرویو میں “ہزاروں زرعی ماہرین کی چین میں تربیت” کے خصوصی منصوبے سے پاکستانی زراعت پر متوقع مثبت اثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت تربیت یافتہ افراد وطن واپس آکر “ہائبرڈ بیجوں اور جدید ٹیکنالوجی کو فروغ دیں گے، جس سے گندم، گنا اور کپاس کی پیداوار میں اضافہ ہوگا”، اور اس بنیاد پر “چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار قائم کیے جائیں گے جو ہائی ویلیو ایڈڈ مصنوعات تیار کرکے برآمد کریں گے”۔

شہباز شریف نے اس سلسلے میں چینی کمپنیوں کے ساتھ تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ “یہ ہماری ہمہ موسمی دوستی ہے، یہ ہمارا آہنی بھائی چارہ ہے۔”

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔