لاہور (آئی پی ایس )وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آفت آئی تو پنجاب کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا، میں جب اپنا پانی کہتی ہوں تو اس کا مطلب پنجاب کا پانی ہوتا ہے۔لاہور میں الیکٹرک بسوں کے منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان بسوں کا کرایہ بہت معمولی ہے یہ انٹرنیٹ کی سہولت سے آراستہ ہیں اس کا کرایہ محض بیس روپے رکھا گیا ہے، لاہور میں مزید الیکٹرک بسیں بھی فراہم کی جائیں گی، پنجاب کی ترقی میرا مشن ہے، لاہور میں الیکٹرک بسیں عوام کے لیے تحفہ ہیں، الیکٹرک بسوں میں خصوصی افراد اور بزرگوں کے لیے سفر مفت ہوگا۔
وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ مجھے کہا گیا کہ میں جب اپنا پانی کہتی ہوں تو یہ جاتی امرا کا پانی نہیں ہوتا پنجاب کا پانی ہوتا ہے۔ مجھے معلوم ہوا کہ کے پی میں کلاڈ برسٹ سے پانچ سو بندے جاں بحق ہوئے میں نے تھائی لینڈ سے علی امین گنڈاپور کو کال کی اور پوچھا کہ پنجاب آپ کی کیا مدد کرسکتا ہے؟ مگر آج آفت ہم پر آئی پنجاب کے زخموں پر نمک چھڑکا گیا، جب ہماری امدادی کارروائیاں پنجاب میں جاری تھیں تو پریس کانفرنس میں ہمارا مذاق اڑایا گیا۔مریم نواز نے کہا کہ مجھے کہا جارہا تھا کہ عالمی اداروں سے مدد کیوں نہیں مانگی؟ جب عوام کی خدمت کی نیت ہو تو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں پڑتی، کے پی کے عوام بھی ہمارے عوام ہیں مگر گمراہ کرکے لوگوں کو پنجاب کے خلاف نکالا گیا یہ عصبیت ہے۔