Saturday, October 4, 2025
ہومبریکنگ نیوزاے بی ڈیویلئیرز بھی کرکٹ میں سیاست لانے پر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

اے بی ڈیویلئیرز بھی کرکٹ میں سیاست لانے پر بھارتی ٹیم پر برس پڑے

ڈربن (آئی پی ایس )جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اے بی ڈیویلئیرز بھی بھارتی کرکٹ ٹیم کے منفی رویے اور کھیل کے بیچ میں سیاست لانے پر برس پڑے ہیں۔اے بی ڈیویلئیرز نے حال ہی میں اپنے یوٹیوب چینل کی ایک ویڈیو میں بھارتی ٹیم کے ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چئیرمین محسن نقوی سے ٹرافی وصول نہ کرنے پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق سابق جنوبی افریقی کپتان نے اپنے یوٹیوب چینل کی ویڈیو میں کہا ہے کہ، بھارتی ٹیم اس بات سے خوش نہیں تھی کہ ٹرافی کون دے رہا ہے۔ میرے خیال میں یہ کھیل میں نہیں آنا چاہیے۔ سیاست کو ایک طرف رکھنا چاہیے۔ کھیل اپنی جگہ ہے اور اسے وہیں منایا جانا چاہیے۔

اے بی ڈیویلئیرز کا ویڈیو میں کہنا تھا کہ، مجھے یہ دیکھ کر افسوس ہوا، لیکن امید ہے کہ مستقبل میں معاملات درست ہوجائیں گے۔ یہ صورتحال کھیل، کھلاڑیوں اور کرکٹرز کے لیے بہت مشکل تھی، اور مجھے یہ دیکھنا پسند نہیں آیا۔ اختتام میں کافی غیر آرام دہ ماحول بن گیا تھا۔ایشیا کپ 2025 کے اختتام پر بھارت کے فیصلے نے ایک نیا تنازع کھڑا کر دیا تھا جب بھارتی ٹیم نے ٹرافی لینے سے انکار کر دیا تھا۔ بھارتی کھلاڑی ایشیا کپ کی ٹرافی محسن نقوی کے ہاتھوں وصول نہیں کرنا چاہتے تھے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔