Sunday, October 5, 2025
ہومپاکستانسی ڈی اے کا ملٹی پروفیشنلز ہاؤسنگ سوسائٹی کو شوکاز نوٹس، 17 سال بعد بھی ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر کارروائی کا عندیہ

سی ڈی اے کا ملٹی پروفیشنلز ہاؤسنگ سوسائٹی کو شوکاز نوٹس، 17 سال بعد بھی ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے پر کارروائی کا عندیہ

اسلام آباد(سب نیوز)اسلام آباد کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے ملٹی پروفیشنلز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی (ایم پی سی ایچ ایس) کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا ہے۔ نوٹس کے مطابق “ملٹی گارڈنز” ہاؤسنگ اسکیم (سیکٹر A-17/B-17، زون 2) میں عوامی سہولت کے پلاٹس کی غیر قانونی کمرشلائزیشن اور شرائط کی خلاف ورزی پائی گئی ہے۔
سی ڈی اے کے مطابق اس اسکیم کا لے آؤٹ پلان 27 ستمبر 2006 کو منظور کیا گیا تھا، جبکہ سڑکوں، پارکوں، قبرستان اور سرکاری عمارتوں کی زمین 12 دسمبر 2007 کو سی ڈی اے کے نام منتقل کی گئی تھی۔
بعد ازاں 30 جنوری 2008 کو این او سی بھی جاری کیا گیا، تاہم سوسائٹی نے 5 سالہ مدت میں ترقیاتی کام مکمل نہیں کیے۔نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اسکیم کے ترقیاتی کام 30 جنوری 2014 تک مکمل ہونا تھے، مگر 17 سال گزرنے کے باوجود اب تک انفراسٹرکچر کے کام اور تکمیلی سرٹیفکیٹ حاصل نہیں کیا گیا۔
سی ڈی اے نے واضح کیا کہ متعدد نوٹسز اور فائنل وارننگ کے باوجود سوسائٹی نے شرائط پوری نہیں کیں۔ اب سی ڈی اے کو سخت کارروائی پر مجبور ہونا پڑ سکتا ہے کیونکہ سوسائٹی نے 1992 کے آئی سی ٹی زوننگ ریگولیشنز کی خلاف ورزی کی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔