اسلام آباد(آئی پی ایس )تاجر رہنما و سابق نائب صدر وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان زاہد اقبال چوہدری نے نومنتخب صدر اسلام آبادچیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سردار طاہر محمود و دیگر عہدیداران کو کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ تاجر قیادت کاروباری برادری کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے پہلے سے بھی زیادہ جذبہ سے خدمت کا سفر جاری رکھے گی۔
زاہد چودھری نے معروف کاروباری شخصیات بابر چوہدری، راجہ خالد عباسی، شاہد عمران اور چوہدری وسیم بہادر کے ہمراہ صدر اسلام آباد چیمبر سردار طاہر محمود، سینئر نائب صدر طاہر ایوب اور نائب صدر چوہدری عرفان سے ملاقات کی اور کامیابی پر پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے زاہد اقبال چودھری کا کہنا تھا کہ فاونڈر گروپ نے ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ایسے نمائندوں کا انتخاب کیا ہے جو نہ صرف کاروباری برادری کی بہترین ترجمانی کرتے ہیں بلکہ خدمت اور جہد مسلسل کے جذبے سے بھی مالا مال ہیں۔ انہوں نے فاونڈر گروپ کے چیئرمین اور کونسل ممبران کی کاروباری برادری کے مفادات کے تحفظ اور چیمبر کی ترقی کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔
زاہد اقبال چوہدری نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ نومنتخب قیادت اسلام آباد چیمبر کے عزت و وقار کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی۔ تاجر قیادت ممبران چیمبر کے درمیان باہمی رابطوں کو مزید مضبوط کرنے، کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے اور ملک کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کاروباری برادری کے مسائل کو حکومتی سطح پر اٹھانے اور ان کے حل کے لیے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ نومنتخب عہدیداروں نے زاہد چودھری اور تاجر وفد کا شکریہ ادا کیا اور متحد ہو کر ملکی معیشت کی بہتری کے لیے کاوشیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ زاھد رفیق ، ذوالقرنین عباسی اور وقار کنڈی بھی ملاقات کے موقع پرموجودتھے-