Monday, April 27, 2026
ہومپاکستانپی ڈی ایم والے کنفیوز ہیں،نیت صاف ہے تواستعفی دیں پھرلانگ مارچ کریں، بلاول بھٹو

پی ڈی ایم والے کنفیوز ہیں،نیت صاف ہے تواستعفی دیں پھرلانگ مارچ کریں، بلاول بھٹو

کشمور(آئی پی ایس ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ پر تنقیدکرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ڈی ایم والے کنفیوز ہیں، اپوزیشن میں اگر کنفیوژن ہوگی تو عوام بھی کنفیوز ہوگی۔ کشمور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ جب تک پی ڈی ایم پیپلز پارٹی کے مشورے پر چل رہی تھی تو اسے کامیابیاں مل رہی تھیں، اپوزیشن سنجیدہ ہے توپہلے وزیراعلی پنجاب عثمان بزدارکے خلاف پھر وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لائے۔ بلاول کا کہنا تھا کہ اگرپی ڈی ایم کی نیت صاف ہے تواستعفی دیں اورلانگ مارچ کریں، نیت صاف ہو توکامیابی ملے گی، پی ڈی ایم کے لیے دعاگو ہیں، پی ڈی ایم ہمارا ساتھ دے اوربزدارکے خلاف تحریک عدم اعتماد لے آئے، اگرپی ڈی ایم والے نہ استعفی دیں گے نہ عدم اعتماد لائیں گے توعوام ان کوپہچان لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام پہچان جائیں گے کہ پی ڈی ایم والے ان کا وقت ضائع کر رہے ہیں، پی ڈی ایم والوں نے ہمارا بھی وقت ضائع کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے لانگ مارچ کا اعلان پہلے بھی کیا تھا، مگر عین وقت پرکہا گیا کہ استعفوں کے بغیرلانگ مارچ بنتا نہیں،امید ہے اب پی ڈی ایم والے پہلے استعفے دیں گے پھر لانگ مارچ کے لیے نکلیں گے۔ ملک میں اس وقت تاریخی مہنگائی، غربت اور بیروزگاری ہے،چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے دعوی کیا کہ یہ پی ٹی آئی کی پہلی اور آخری حکومت ہے۔ انہوں نے میڈیا اتھارٹی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پیپلزپارٹی سینیٹ اور قومی اسمبلی میں میڈیا کی آزادی کے لیے آواز اٹھائے گی، ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزادی صحافت پر حملہ کررہی ہے،بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلزپارٹی عوام خدمت پر یقین رکھتی ہے، لوگ اب نوجوان قیادت چاہتے ہیں، ان کا دعوی تھا کہ آئندہ کچھ عرصے میں بہت بڑی تعداد میں لوگ پیپلزپارٹی میں شامل ہوں گے،چیئر مین پیپلز پارٹی نے کہا کہ حکومت کو سیاسی سرگرمیوں سے نقصان پہنچنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کچھ دوست ضمنی اور سینیٹ الیکشن میں حصہ نہ لینے پر بضد تھے لیکن پھر اپوزیشن نے حصہ لیا تو کامیابی ملی، بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان کے عوام تبدیلی کا اصل چہرہ دیکھ چکے ہیں،انہوں نے کہا کہ عوام نے (ن )لیگ کے بعد خان صاحب کی کارکردگی بھی دیکھ لی ہے۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔