لاہور(آئی پی ایس) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے جب سیاست میں آئی تو میرے والد نواز شریف ہچکچاہٹ کا شکار تھے لیکن مجھے یقین ہے کہ آج انہیں مجھ پر فخر ہوگا۔
پاکستان نیوی وار کالج کے 55 ویں اسٹاف کورس کے شرکا سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کے دوران مریم نواز سیلاب میں معاونت پر پاکستان نیوی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ریسکیو ریلیف آپریشن کیلئے پاکستان نیوی نے قابل قدر کردارادا کیا۔
مریم نواز کا کہنا تھا بیٹیوں کو مواقع دیں، اعتماد اور حوصلہ دیں، وہ آگے بڑھیں گی اور ترقی کریں گی ، قوم کو تقسیم کرنے والوں کو ووٹ نہ دیں، ووٹ خدمت اورکام پر دیں۔
ان کا کہنا تھا پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ تر بنانا چاہتے ہیں، بحیثیت وزیراعلیٰ ماضی کی روایات کی نفی کی، نئی اپروچ اور نئے آئیڈیاز کو فروغ دیا، خود کو ثابت کرنے کیلئے بھائیوں سے زیادہ کام کرنا پڑا۔
مریم نواز کا کہنا تھا والد نواز شریف میرے سیاست میں آنے پر ہچکچاہٹ کاشکار تھے، لیکن میں نے آہستہ آہستہ سیاسی امور کو سمجھنا شروع کیا، آج یقین ہے والد مجھ پر فخر محسوس کرتے ہوں گے۔