Tuesday, October 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزغزہ میں جنگ کے بعد عبوری انتظامیہ کی قیادت کیلئے ٹونی بلیئر کا نام گردش کرنے لگا

غزہ میں جنگ کے بعد عبوری انتظامیہ کی قیادت کیلئے ٹونی بلیئر کا نام گردش کرنے لگا

غزة(آئی پی ایس )سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلیئر کا نام غزہ میں جنگ کے بعد عبوری انتظامیہ کی قیادت کے لیے سامنے آرہا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق اس منصوبے کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے بھی حمایت کی جا رہی ہے۔منصوبے کے تحت ٹونی بلیئر اقوام متحدہ اور خلیجی ممالک کی معاونت سے ایک گورننگ اتھارٹی کی سربراہی کریں گے، جو بعد میں اختیار فلسطینیوں کو واپس سونپ دے گی۔

ٹونی بلیئر کے دفتر کی جانب سے کہا گیا ہے کہ وہ کسی ایسے منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے جس کے نتیجے میں غزہ کے عوام کو بے دخل کیا جائے۔رپورٹس کے مطابق اس منصوبے کو غزہ انٹرنیشنل ٹرانزیشنل اتھارٹی (گیٹا) کا نام دیا جاسکتا ہے جو پانچ سال کے لیے غزہ کی سب سے بڑی سیاسی و قانونی اتھارٹی کے طور پر اقوام متحدہ سے مینڈیٹ حاصل کرے گی۔ ابتدائی طور پر یہ اتھارٹی مصر میں غزہ کی جنوبی سرحد کے قریب قائم ہوگی اور حالات مستحکم ہونے پر ایک کثیر القومی فورس کے ہمراہ غزہ میں داخل ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ ٹونی بلیئر نے اگست میں وائٹ ہاس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات کی تھی جس میں غزہ کے مستقبل کے منصوبوں پر بات چیت کی گئی۔خیال رہے کہ ٹونی بلیئر، جنہوں نے 2003 میں برطانیہ کو عراق جنگ میں شامل کیا تھا، 2007 کے بعد مشرق وسطی کے لیے چار فریقی گروپ (امریکا، یورپی یونین، روس اور اقوام متحدہ) کے خصوصی ایلچی کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔یہ پیشرفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب فلسطینی صدر محمود عباس نے گزشتہ روز کہا کہ وہ دو ریاستی امن منصوبے پر عملدرآمد کے لیے صدر ٹرمپ اور دیگر عالمی رہنماں کے ساتھ کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔