Tuesday, October 7, 2025
ہومبریکنگ نیوزوزیراعظم شہباز شریف کی آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات متوقع

وزیراعظم شہباز شریف کی آج وائٹ ہاؤس میں صدر ٹرمپ سے ملاقات متوقع

اسلام آباد(آئی پی ایس)وزیرِاعظم شہباز شریف کا سفارت کاری سے بھرپور امریکا کا دورہ آج (جمعرات) کو وائٹ ہاؤس میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کے ذریعے اپنے عروج پر پہنچنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق اپنے طوفانی دورے کے دوران، وزیرِاعظم اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس، مسلم بلاک کے ایک اہم کثیرالجہتی اجلاس، اور نیویارک میں بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے سربراہان سے علیحدہ ملاقاتوں میں شرکت کر چکے ہیں۔
اب تمام اشارے واشنگٹن میں ایک مرکزی ملاقات کی طرف ہیں، اگرچہ حکام تفصیلات کے بارے میں محتاط ہیں۔
وزیرِاعظم کی میڈیا ٹیم، پاکستان کے سفارت خانے اور اس کے اقوام متحدہ مشن کے عملے نے اس ملاقات کو ’تقریباً یقینی‘ قرار دیا ہے۔
یہ بات اس سے بھی ظاہر ہے کہ کئی سینئر سفارت کار پہلے ہی واشنگٹن واپس جا چکے ہیں تاکہ تیاری کر سکیں، سفارت خانے کے میڈیا عملے کے کچھ اراکین بھی دارالحکومت منتقل ہو رہے ہیں، جب کہ پاکستان سے دورے کی کوریج کے لیے آنے والے صحافی بھی تیزی سے جنوب کا رخ کر رہے ہیں۔
ایک میڈیا گفتگو میں جب رپورٹرز نے وزیرِاعظم سے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جمعرات کو ملاقات کے امکان کے بارے میں پوچھا تو شہباز شریف صرف مسکرائے اور کہا کہ وہ اگلے دن اس پر بات کریں گے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر بھی واشنگٹن میں وزیرِاعظم کے ساتھ ملاقات میں شامل ہوسکتے ہیں، اس سال کے اوائل میں آرمی چیف ملک کے پہلے فوجی کمانڈر بنے تھے جنہیں وائٹ ہاؤس میں دو طرفہ ملاقات کے لیے مدعو کیا گیا تھا۔
تاہم، اس وقت تک صدر ٹرمپ سے ملاقات کی باضابطہ سرکاری تصدیق نہیں ہوئی تھی۔

جب ملاقات کے امکان کے بارے میں پوچھا گیا تو ایک سینئر امریکی محکمہ خارجہ کے اہلکار نے صحافیوں کو مہارت سے صدر کے شیڈول کی طرف رجوع کرنے کو کہا، لیکن جمعرات کے لیے صدر ٹرمپ کا شیڈول اس وقت تک جاری نہیں کیا گیا تھا۔

روزانہ مستند اور خصوصی خبریں حاصل کرنے کے لیے ڈیلی سب نیوز "آفیشل واٹس ایپ چینل" کو فالو کریں۔